نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) حاصل کرنے کے لیے اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔
نادرا کے مطابق پاکستانی شہری چار مختلف اقسام میں فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ ان میں پیدائش، شادی، سرپرستی اور مجموعی فیملی ریکارڈ کی بنیاد پر جاری ہونے والا سرٹیفکیٹ شامل ہے۔ شہری اپنی ضرورت کے مطابق کسی ایک قسم کا انتخاب کرکے درخواست دے سکتے ہیں۔
ایف آر سی کی اقسام اور بچوں سے متعلق اہم ہدایات
نادرا نے وضاحت کی ہے کہ اگر کسی خاندان میں 18 سال سے کم عمر بچے کا ب فارم بغیر تصویر کے بنا ہوا ہے تو ایف آر سی کے لیے درخواست دیتے وقت بچے کو بھی نادرا سینٹر لے جانا ضروری ہوگا۔ اس موقع پر بچے کی تصویر بنائی جائے گی تاکہ اسے نادرا کے ریکارڈ میں شامل کیا جاسکے۔
ایسے بچے کا ایف آر سی جاری ہونے کے بعد اسی روز تصویر والے ب فارم کے لیے بھی درخواست جمع کروائی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب جن بچوں کا ب فارم تصویر کے ساتھ موجود ہے یا جن کے پاس جووینائل کارڈ، نائیکوپ یا پی او سی جاری ہوچکا ہے، انہیں ایف آر سی کی درخواست کے لیے نادرا سینٹر میں موجود ہونے کی ضرورت نہیں۔ تاہم ان کی تصویر اور فنگر پرنٹس نادرا کے ریکارڈ میں موجود ہونا ضروری ہیں۔
اگر خاندان کا کوئی فرد ابھی تک نادرا میں رجسٹرڈ نہیں ہے تو اس کے کوائف شامل کرنے کے لیے پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں دستیاب متعلقہ سہولت استعمال کی جاسکتی ہے۔
ایف آر سی کے لیے کون درخواست دے سکتا ہے؟
نادرا کے مطابق خاندان کا کوئی ایک فرد اپنے شریک حیات یا خونی رشتے داروں کی تفصیلات کی بنیاد پر ایف آر سی کے لیے درخواست جمع کروا سکتا ہے۔
گود لیے گئے یا یتیم بچوں کے معاملے میں ان کا قانونی سرپرست درخواست دینے کا اہل ہوگا۔ درخواست کے وقت والدین یا قانونی سرپرست کی موجودگی اور ضروری خاندانی معلومات فراہم کرنا اہم ہے۔
نادرا ایف آر سی کے لیے ضروری تیاری
درخواست جمع کروانے سے پہلے شہریوں کو بچوں کے دستاویزات اور تصاویر سے متعلق ہدایات کا خیال رکھنا چاہیے۔ جن بچوں کا ب فارم بغیر تصویر کے ہے، انہیں تصویر بنوانے کے لیے ساتھ لے جانا ہوگا۔
اس کے برعکس تصویر والے ب فارم یا جووینائل کارڈ رکھنے والے بچوں کو نادرا سینٹر لانے کی ضرورت نہیں ہوگی، بشرطیکہ ان کی تصویر اور فنگر پرنٹس پہلے سے نادرا ریکارڈ میں موجود ہوں۔
نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ تمام ضروری معلومات اور دستاویزات تیار کرکے والدین یا قانونی سرپرست کے ساتھ متعلقہ نادرا سینٹر جائیں۔
فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا طریقہ
ایف آر سی بنوانے کے لیے سب سے پہلے نادرا سینٹر کے استقبالیہ سے ٹوکن حاصل کرنا ہوگا۔ اپنی باری آنے پر متعلقہ کاؤنٹر پر جائیں، جہاں بائیومیٹرک تصدیق کے بعد نادرا کا نمائندہ خاندانی معلومات کی جانچ کرے گا۔
اس دوران شہری کو ایف آر سی کی مختلف اقسام کے بارے میں بتایا جائے گا۔ درخواست گزار اپنی ضرورت کے مطابق مطلوبہ کیٹیگری منتخب کرے گا۔ اس کے بعد نادرا کا عملہ ڈیٹا انٹری کرے گا اور ضرورت کے مطابق 18 سال سے کم عمر ان بچوں کی تصاویر بھی بنائے گا جن کا ب فارم بغیر تصویر کے ہے۔
ڈیٹا انٹری مکمل ہونے کے بعد درخواست گزار کو تمام خاندانی تفصیلات دکھائی جائیں گی۔ شہری کو چاہیے کہ وہ نام، رشتوں اور دیگر معلومات کا اچھی طرح جائزہ لے۔ اگر تمام معلومات درست ہوں تو تصدیق کے لیے فارم پر دستخط کیے جائیں گے۔ اس کے بعد درخواست منظوری کے لیے متعلقہ دفتر کے انچارج کو بھیج دی جائے گی۔
نادرا ایف آر سی کی فیس کتنی ہے؟
نادرا کے مطابق درخواست منظور ہونے کے بعد شہری کے فراہم کردہ موبائل نمبر پر ایس ایم ایس موصول ہوگا۔ ایف آر سی کی فیس نادرا سینٹر یا آن لائن ادا کی جاسکتی ہے۔
فیس کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
- سنگل کیٹیگری ایف آر سی: 1,000 روپے
- بائی آل کیٹیگری ایف آر سی: 2,000 روپے
فیس کی ادائیگی کے بعد شہری اسی دن نادرا سینٹر سے اپنا فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔






