شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے رکشے میں خواتین کے روپ میں فرار ہونے کی کوشش کرنے والے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فتنہ الخوارج کے بزدل دہشت گردوں کی خواتین کے روپ میں فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی ہے اور رکشے میں خواتین کے بھیس میں فرار ہونے کی کوشش کرنے والے خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خوارج کا خواتین کے برقعوں کا استعمال نہ صرف اسلامی اور اخلاقی اقدار کے منافی ہے بلکہ خواتین کی حرمت کے استحصال کا بھی باعث ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں پسپائی کے بعد بزدل خارجی دہشت گرد اوچھے اور گھٹیا ہتھکنڈوں کے ذریعے بچنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ بزدل خوارج کی جانب سے دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے مساجد اور شہری آبادی میں چھپنے اور وہاں بارودی مواد رکھنے کے شواہد بھی سامنے آ چکے ہیں۔
دہشت گردوں کی جانب سے مساجد جیسے مقدس مقامات کو دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جانا اور خواتین کی حرمت کا استحصال ثابت کرتا ہے کہ خوارج کا اسلام اور انسانیت سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔
خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے دہشت گرد مکروہ مقاصد کے لیے معصوم بچوں اور خواتین کو بھی انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔






