کراچی میں ترک سیسمک ریسرچ جہاز ’’اوروچ رئیس‘‘ کی آمد کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایک طویل ساحلی پٹی موجود ہے جو غیر معمولی اقتصادی اور تزویراتی اہمیت کی حامل ہے اور توانائی و تجارت کے اہم بین الاقوامی راستوں سے منسلک ہے۔ ہماری سمندری حدود توانائی، جہاز رانی اور ماہی گیری کے شعبوں میں وسیع مواقع فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فعال اور مضبوط بلیو اکانومی کے لیے قابلِ اعتماد سائنسی معلومات، ہنرمند افرادی قوت اور ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات ناگزیر ہیں۔ تزویراتی اہمیت کے حامل منصوبے ادارہ جاتی عدم رابطے یا غیر ضروری تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے۔ وقت آگیا ہے کہ ہماری تزویراتی ہم آہنگی کے ساتھ اسی سطح کی ایک پُرعزم اقتصادی شراکت داری بھی قائم ہو۔
تقریب میں گورنر سندھ نہال ہاشمی، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، ترکیہ کے وزیر توانائی الپرسلان بیرکتار اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ترک سیسمک ریسرچ جہاز اوروچ رئیس کی پاکستان آمد کے موقع پر اس کا خیرمقدم کرنا ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے انہوں نے صدر جمہوریہ ترکیہ رجب طیب اردوان اور وزیر خارجہ ترکیہ حاقان فیدان کا دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے ذاتی دلچسپی اور عزم پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے ترکیہ کے وزیر برائے توانائی و قدرتی وسائل اور برادر ترک عوام کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترک پٹرولیم کی قیادت، ماہرین، جہاز کے کپتان، عملے اور سیسمک ریسرچ ٹیم کا پاکستان اپنے قابلِ اعتماد دوستوں کے لیے مخصوص محبت، احترام اور گرمجوشی کے ساتھ خیرمقدم کرتا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی کا رشتہ قیام پاکستان سے بھی پہلے کا ہے، جس کی جڑیں برصغیر کے مسلمانوں کی جانب سے ترک عوام کے ساتھ ان کی تاریخ کے اہم ادوار میں اظہارِ یکجہتی سے جڑی ہوئی ہیں۔ اس کے بعد سے دونوں ممالک کے عوام آزمائشوں اور کامیابیوں کے ہر دور میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اوروچ رئیس پاکستان کی سمندری حدود میں ایکسپلوریشن کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ترکیہ کی سائنسی مہارت کو ہماری قومی توانائی کمپنیوں کے تجربے اور صلاحیتوں کے ساتھ یکجا کر رہا ہے۔ اس جہاز کے ذریعے حاصل ہونے والے اعداد و شمار سمندر کی تہہ کے نیچے موجود ارضیاتی ساختوں کے بارے میں ہماری سمجھ بوجھ کو بہتر بنا سکتے ہیں اور پاکستان کے مستقبل میں ایکسپلوریشن کے فیصلوں کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کر سکتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ سمندر میں توانائی کے ذخائر کی تلاش ایک پیچیدہ، خطیر سرمایہ کاری کا تقاضا کرنے والا اور غیر یقینی عمل ہے۔ سیسمک سروے تجارتی بنیادوں پر ذخائر کی دریافت کی ضمانت نہیں دے سکتا، تاہم ایکسپلوریشن کے بغیر کسی دریافت کا امکان بھی نہیں ہوتا۔ پاکستان اعتماد، ذمہ داری اور دعاؤں کے ساتھ یہ قدم اٹھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ وفاقی وزارتوں اور اداروں کو باہمی رابطہ کاری مضبوط بنانے کی ہدایت کی ہے۔ حکومت اس بات کے لیے پُرعزم ہے کہ تزویراتی اہمیت کے حامل منصوبے ادارہ جاتی عدم رابطے یا غیر ضروری تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ توانائی کے شعبے میں طویل المدتی شراکت داری کا خواہاں ہے، جس میں سمندر میں توانائی کے ذخائر کی تلاش، معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی شامل ہیں۔ پاکستان کی خواہش ہے کہ پاکستانی ماہرینِ ارضیات اور انجینئرز اپنے ترک ہم منصبوں کے ساتھ قریبی تعاون کریں، جبکہ جامعات اور تحقیقی ادارے سمندری ارضیات اور آف شور انجینئرنگ کے شعبوں میں شراکت داریاں قائم کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ اپنے تعلقات کو نئی تزویراتی وسعت دے رہے ہیں۔ دونوں ممالک کا تعاون پہلے ہی سفارت کاری، دفاع اور تجارت کے شعبوں تک پھیلا ہوا ہے۔ جدید دور میں سلامتی کا تصور کئی جہتوں پر مشتمل ہے، جس میں سرحدوں اور عوام کے تحفظ کے ساتھ توانائی کی فراہمی، تجارتی راستوں اور اہم بنیادی ڈھانچے کا تحفظ بھی اہم ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ انطالیہ میں ہونے والی حالیہ ملاقات کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر رجب طیب اردوان نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، توانائی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔ دونوں رہنماؤں نے جاری اقدامات پر تیزی سے عمل درآمد کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سنجیدہ، ذمہ دارانہ اور طویل المدتی سرمایہ کاری کے لیے کھلا ہے۔ حکومت شفافیت اور پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ پاکستان ایسی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے جو پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرے، روزگار کے مواقع پیدا کرے اور برآمدات پر مبنی ترقی میں معاون ثابت ہو۔
نائب وزیراعظم نے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان اس اہم مشن کے لیے ہر ممکن مناسب سہولت فراہم کرے گی۔ سمندر میں تمام سرگرمیوں کے دوران بحری سلامتی اور ماحولیاتی تحفظ کے اعلیٰ ترین معیاروں کی پابندی لازمی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سمندر ایک اقتصادی اثاثہ ہیں، لیکن یہ ایک قومی امانت بھی ہیں، اس لیے ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کو ساتھ ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر توانائی علی پرویز ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات اور بھائی چارے کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ دونوں ممالک جغرافیائی طور پر الگ لیکن تاریخ، عقیدے اور یکجہتی کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور ہر آزمائش میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان معاہدے عملی منصوبوں کی شکل اختیار کر رہے ہیں اور سیسمک بحری جہاز کی آمد توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون کا عملی آغاز ہے۔ نائب وزیراعظم کی معاونت سے مشترکہ منصوبے کو عملی شکل دینے میں پیشرفت ہوئی ہے، جبکہ مشترکہ ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون تعلقات میں خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔
ترکیہ کے وزیر توانائی الپرسلان بیرکتار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مشترکہ تاریخ، اقدار اور بھائی چارے کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کے توانائی کے شعبے میں تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں اور توانائی کے حصول کا مشترکہ وژن قابلِ تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے توانائی کے شعبے میں اپنا تجربہ، مہارت اور انجینئرنگ صلاحیتیں پاکستان کے لیے پیش کی ہیں۔ ترک تحقیقی جہاز اوروچ رئیس 19 روزہ سفر کے بعد پاکستان پہنچا ہے اور توانائی کے شعبے میں تعاون دونوں ممالک کے مستقبل کو نئی سمت دے گا۔
ترک وزیر توانائی کے مطابق ترک پٹرولیم کارپوریشن جہاز کے ذریعے تھری ڈی زلزلہ پیما ڈیٹا جمع کرنے کا کام انجام دے گی۔ اوروچ رئیس پاکستان میں تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی زلزلہ پیما سروے کرے گا اور سندھ و مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے امکانات تلاش کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کے معاہدے اب کاغذوں تک محدود نہیں رہے بلکہ ان پر عملی کام شروع ہو چکا ہے۔ پانچ بلاکس کے لیے لائسنسنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور ترک پٹرولیم کارپوریشن اور پاکستانی توانائی کمپنیوں کے درمیان مضبوط شراکت داری قائم ہوئی ہے۔ او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور ماڑی انرجی پاکستان ترکیہ توانائی شراکت داری میں شامل ہیں۔
الپرسلان بیرکتار نے کہا کہ ترکیہ کی حکومت پاکستان کے ساتھ مزید تعاون کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر تعاون کے مزید امکانات تلاش کرنے چاہئیں۔ کان کنی کے شعبے میں نئے معاہدے وسیع تر شراکت داری کی جانب ایک اور اہم پیشرفت ہیں اور پاک ترکیہ کان کنی کمپنیوں اور اداروں کے درمیان مزید معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں مختلف معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ترک وزیر توانائی کو سووینئر پیش کیا جبکہ ترک وزیر توانائی نے بھی اسحاق ڈار کو سووینئر پیش کیا۔





