پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبوں کے حوالے سے جلسے جلوسوں کے پروگرام رکھنے والی سیاسی جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا۔
کراچی میں نثار احمد کھوڑو کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کی قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں نثار احمد کھوڑو، وقار مہدی، ناصر حسین شاہ اور ضیاء الحسن لنجار نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا اور صوبوں کے حوالے سے جلسے جلوسوں کے پروگرام رکھنے والی مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے رابطہ کر کے ان سے اپیل کی جائے گی کہ جلسے جلوس منعقد نہ کیے جائیں۔
اس سلسلے میں نثار احمد کھوڑو نے خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر قادر مگسی، ریاض چانڈیو اور ڈاکٹر نیاز کالانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے تفصیلی گفتگو کی۔
گفتگو کے دوران نثار احمد کھوڑو نے تمام سیاسی رہنماؤں سے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں امن و امان برقرار رہے اور کسی بھی قسم کی بدمزگی اور شرانگیزی کو روکا جائے، کیونکہ ایسے ماحول میں کوئی بھی شرپسند یا ملک دشمن قوت صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔
تمام سیاسی رہنماؤں نے نثار احمد کھوڑو سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں غور کریں گے اور ان سے ملاقات بھی کریں گے۔
کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ کمیٹی کے ارکان تمام سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور انہیں باضابطہ طور پر اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے کہ جلسے جلوس منعقد نہ کیے جائیں، تاکہ ماحول کو پرامن رکھا جا سکے۔






