لاہور : جرمن امپورٹرز ایسوسی ایشن (VFI) کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر مائیکل آرٹز کی قیادت میں جرمن تجارتی وفد نے اپٹما ہاؤس لاہور کا دورہ کیا، جہاں پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوطرفہ تجارت، ٹیکسٹائل شعبے میں تعاون، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی پائیداری معیارات پر عملدرآمد کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے، پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی جرمن اور یورپی منڈیوں تک رسائی بڑھانے اور برآمد کنندگان و درآمد کنندگان کے درمیان براہِ راست کاروباری روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
جرمن امپورٹرز ایسوسی ایشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر مائیکل آرٹز نے کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے پاکستانی ٹیکسٹائل صنعت کی جانب سے عالمی معیار اور پائیداری کے تقاضوں پر عملدرآمد کی کوششوں کو سراہا۔
ڈاکٹر مائیکل آرٹز نے یقین دہانی کرائی کہ جرمن ادارہ VFI پاکستانی برآمد کنندگان اور جرمن درآمد کنندگان کے درمیان کاروباری روابط اور تعاون بڑھانے کے لیے معاونت فراہم کرے گا۔
اس موقع پر چیئرمین اپٹما اسد شفیع نے یورپی یونین کی جی ایس پی پلس سہولت کو پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدات کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کو بنگلہ دیش اور سری لنکا جیسے حریف ممالک کے مقابلے میں مسابقتی برتری حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2013 سے اب تک جی ایس پی پلس کے تحت یورپی یونین کو پاکستانی برآمدات میں 73 فیصد جبکہ جرمنی کو برآمدات میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
چیئرمین اپٹما کے مطابق اپٹما کی رکن ٹیکسٹائل ملیں جی ایس پی پلس کی 27 بین الاقوامی کنونشنز سمیت SA8000 اور Oeko-Tex جیسے عالمی معیارات پر عملدرآمد کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل صنعت آرگینک کاٹن، ری سائیکلڈ پولیسٹر اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے تاکہ عالمی منڈیوں میں مسابقتی صلاحیت بہتر بنائی جا سکے۔
اسد شفیع نے مزید بتایا کہ اپٹما نیشنل کمپلائنس اینٹیٹی کے قانونی فریم ورک کی تیاری میں بھی معاونت کر رہی ہے، جس کا مقصد پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کو عالمی تجارتی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی مزید بہتر بنانا ہے۔
ملاقات میں دونوں جانب سے پاکستان اور جرمنی کے درمیان ٹیکسٹائل تجارت، پائیدار صنعتی ترقی اور کاروباری شراکت داری کو نئی وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔





