کراچی میں 30ویں سی این ایس اوپن گالف چیمپئن شپ کی پروفیشنلز کیٹیگری میں آدم سید نے فتح اپنے نام کرلی، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے فاتحین میں انعامات تقسیم کیے۔
کراچی گالف کلب میں 30ویں سی این ایس اوپن گالف چیمپئن شپ 2026 کا اختتام ہو گیا۔ پروفیشنلز کیٹیگری میں آدم سید فاتح رہے، جبکہ حمزہ تیمور امین رنر اپ رہے۔
چیف آف دی نیول اسٹاف، ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی اور تمام کیٹیگریز کے فاتحین میں انعامات تقسیم کیے۔ اس اہم ٹورنامنٹ میں 12 سے 15 نومبر 2026 تک پورے پاکستان سے پروفیشنل گالفرز نے حصہ لیا۔
کراچی گالف کلب میں گزشتہ 4 دنوں کے دوران ایک دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا، جس میں گالفرز کی سخت محنت اور کھیل کے ساتھ ان کی لگن نمایاں رہی۔
سینئر پروفیشنلز کا ٹائٹل محمد نذیر نے جیتا، جبکہ جونیئر پروفیشنلز کیٹیگری میں محمد اشاس فاتح رہے۔ لیڈیز پروفیشنلز کیٹیگری میں حمنہ امجد فاتح رہیں، جبکہ سینئر امیچورز کیٹیگری میں کموڈور ریٹائرڈ غضنفر عباس نے نیٹ اور میجر ریٹائرڈ عرفان خان نے گروس کیٹیگری میں کامیابی حاصل کی۔
موسیٰ حسینی اور عبداللہ انصر نے بالترتیب امیچورز کیٹیگری میں نیٹ اور گروس میں کامیابی حاصل کی۔ خواتین کے مقابلوں میں سیدہ آمنہ خالد نے نیٹ اور حمیرا خالد نے گروس کیٹیگری میں جیت اپنے نام کی۔
چیف آف دی نیول اسٹاف نے فاتحین کو مبارکباد دی اور تمام کھلاڑیوں کے کھیل کے جذبے کو سراہا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے چیمپئن شپ کی معاونت میں اسپانسرز اور میڈیا کے کردار کو سراہا اور منتظمین کی انتھک کوششوں کا اعتراف کیا۔ اختتامی تقریب میں اسپانسرز، گالفرز اور میڈیا سے وابستہ افراد سمیت مختلف اہم شخصیات نے شرکت کی۔






