یمن کی حکومت کے جنگی طیاروں نے حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر 2 فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں متعدد جنگجو مارے گئے۔
یمنی حکومت کے فوجی ترجمان کے مطابق جنگی طیاروں نے تعز کے مغرب جبل حبشی میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر 2 فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں متعدد جنگجو مارے گئے اور ان کی گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔
اس کے علاوہ یمنی حکومت نے لحج کے شمالی علاقے میں حوثی فورسز سے اہم علاقے دوبارہ حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سرکاری میڈیا سینٹر کا کہنا ہے کہ فورسز نے الصبیحہ محاذ پر الخزان الاحمر کے مقام کو کنٹرول میں لے لیا ہے اور معایق اور عنعان کے علاقوں میں حوثیوں کی پیش قدمی کو کامیابی سے روک دیا ہے۔
دوسری جانب حوثی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ التازیۃ کے علاقے میں ایک پلاسٹک کے جوتوں کی فیکٹری پر حملہ ہوا، جس میں 3 شہری ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے۔






