امریکی صدر نے سہ فریقی اجلاس سے قبل روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ سے الگ الگ دو طرفہ ملاقاتیں کیں، جن میں یوکرین جنگ، دو طرفہ تجارت اور مصنوعی ذہانت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چین کے شہر شینزین میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (ایپیک) فورم کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ طے شدہ سہ فریقی ملاقات سے قبل دونوں رہنماؤں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے خیرسگالی کے تبادلے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کے پیوٹن کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں اور وہ ایک دوسرے کو طویل عرصے سے جانتے ہیں، جبکہ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ملاقات سے بہت سے شاندار کام ہو سکتے ہیں یا کم از کم ان کا آغاز ضرور ہوگا۔
دونوں صدور کے درمیان گزشتہ سال اگست میں الاسکا سربراہی اجلاس کے بعد یہ پہلی بالمشافہ ملاقات تھی۔ روسی صدارتی معاون یوری اوشاکوف کے مطابق دونوں رہنماؤں کی بات چیت تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی اور صدر پیوٹن انتہائی خوشگوار موڈ میں ملاقات کی جگہ سے روانہ ہوئے، جس میں یوکرین پر روس کے حملے اور چینی صدر کے ساتھ سہ فریقی اجلاس کی تیاریوں پر گفتگو کی گئی۔
دوسری جانب چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ الگ دو طرفہ ملاقات میں ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین جنگ پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو مل کر اس جنگ کے خاتمے کے لیے کام کرنا چاہیے اور وہ اس جنگ کو ختم ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے کہا کہ امریکہ اور چین کو مصنوعی ذہانت سے جڑے حفاظتی خطرات سے بچنے کے لیے تعاون کرنا چاہیے اور تجارت پر رابطوں کو مضبوط بنانا چاہیے۔
قبل ازیں جمعرات کو ایپیک اجلاس کے آغاز پر ٹرمپ اور شی جن پنگ ایک ساتھ کمرے میں داخل ہوئے، جہاں چینی صدر نے ایپیک تعاون کی حمایت کے لیے 20 ملین ڈالر فراہم کرنے اور پالیسی تحقیق کے لیے شینزین میں ایشیا پیسیفک کمیونٹی اسٹڈیز سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا۔
صبح کے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے مصنوعی ذہانت پر سخت قوانین نافذ کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صنعت کا گلا گھٹ جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ سینکڑوں سالوں سے بحرالکاہل کی ایک بڑی طاقت رہا ہے اور خطے میں ترقی، استحکام، خودمختاری اور امن کے فروغ کے لیے کام جاری رکھے گا۔
امریکی حکام نے گزشتہ ہفتے واضح کیا تھا کہ ٹرمپ ملاقاتوں میں این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ اور چینی جاسوس سے مبینہ تعلقات کے الزامات کا معاملہ اٹھانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
امریکن چیمبر آف کامرس ان چائنا کے صدر مائیکل ہارٹ نے کہا کہ شینزین میں اجلاس کی میزبانی کر کے چین نے اپنے ایک اور معاشی مرکز اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے، جس سے امریکی کاروباری اداروں کو چین کی معاشی طاقت اور مسابقتی ماحول کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔






