نیویارک ٹائمز کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایرانی عسکری صلاحیتوں سے متعلق نئی انٹیلی جنس رپورٹس اور اسرائیل کے شدید دباؤ کے پیش نظر ایران کے خلاف وسیع پیمانے پر فوجی حملوں کا نیا سلسلہ شروع کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے ان مشاورتوں سے باخبر امریکی اور اسرائیلی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیوں کا ایک اور مرحلہ شروع کرنے کے منصوبوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
حکام کے مطابق اگرچہ ڈونلڈ ٹرمپ نے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، تاہم وہ اسرائیل کے ان انتباہات کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ تہران نے اپنے میزائلوں اور ڈرونز کے ذخائر دوبارہ بحال کر لیے ہیں اور وہ کیمیائی و حیاتیاتی ہتھیاروں کے پروگراموں کو بھی آگے بڑھا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ اس پہلو کو بھی مدنظر رکھے ہوئے ہیں کہ خطے میں بھاری امریکی عسکری موجودگی کے باعث واشنگٹن اس وقت ایک مضبوط اور سازگار پوزیشن میں ہے۔
تاہم امریکی انتظامیہ کے اندر انٹیلی جنس معلومات کی صداقت اور نئے حملے کے فوائد کے حوالے سے شدید اختلافات موجود ہیں، خاص طور پر وسط مدتی انتخابات کے بعد جن میں رائے دہندگان نے اس جنگ پر ناراضی کا اظہار کیا، جو مہنگائی کا باعث بنی اور جس میں آٹھ ماہ گزرنے کے باوجود ٹرمپ کے وعدے کے مطابق فوری فتح حاصل نہ ہو سکی۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو، جن کی سیاسی پوزیشن گزشتہ ماہ کے انتخابات کے بعد کمزور پڑ چکی ہے، اس بات پر شدید زور دے رہے ہیں کہ امریکہ ایران کے خلاف 4 سے 7 روز تک جاری رہنے والی فضائی حملوں کی مہم میں اسرائیل کا ساتھ دے۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر حکام نے بتایا کہ ان مذاکرات میں تیزی گزشتہ ہفتے اس وقت آئی جب اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ رومان گوفمان نے واشنگٹن میں سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں، جبکہ اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ شلومی بِندر نے بھی امریکی ہم منصبوں سے فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔
حالیہ مہینوں میں ٹرمپ بڑی جنگی کارروائیوں کے حوالے سے تذبذب کا شکار رہے ہیں، وہ کبھی جنگ کے خاتمے کا اعلان کرتے ہیں اور کبھی ایران کو جوہری ہتھیاروں سے روکنے کے لیے نئے حملوں کا اشارہ دیتے ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے نائب صدر جے ڈی وینس کو سفارتی مذاکرات ترک کرنے کی ہدایت کی اور طویل مدتی معاشی دباؤ کے ذریعے ایران کو معاہدے پر مجبور کرنے کی حکمت عملی اپنائی، لیکن قریبی ذرائع کے مطابق ٹرمپ اس تنقید پر حساس ہیں، جن میں کہا جا رہا ہے کہ امریکہ عملی طور پر یہ جنگ ہار چکا ہے۔ ٹرمپ اپنی صدارت کے آخری کمزور سیاسی اثر و رسوخ کے دور میں طاقت کے مظاہرے کی طرف جا سکتے ہیں۔
ایک امریکی عہدیدار نے کہا کہ معاشی دباؤ کی مہم نے ایران کو شدید نقصان پہنچایا ہے، اس لیے وسیع تصادم کی ضرورت نہیں رہی، تاہم جوہری ہتھیاروں کے حصول کو روکنے کے لیے تمام آپشنز میز پر ہیں۔
امریکی فوج نے حالیہ ہفتوں میں خطے میں جنگی بحری جہاز، لڑاکا طیارے اور بمبار طیارے جمع کر لیے ہیں، جو ٹرمپ کے حکم کی صورت میں ایران کے میزائلوں، ڈرونز، پاسداران انقلاب کے مراکز اور توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے تیار ہیں۔
کسی بھی ممکنہ حملے میں مشرق وسطیٰ میں تعینات لڑاکا طیاروں کے ساتھ امریکہ میں 96 گھنٹے کے ہنگامی نوٹس پر تیار رکھے گئے بی ون اور بی ٹو بمبار طیارے بھی حصہ لیں گے۔
وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر کے تیار کردہ فوجی آپشنز صدر کو پیش کر دیے ہیں، جبکہ ایڈمرل کوپر خود بھی اس ہفتے خطے میں موجود ہیں۔
ممکنہ بڑی لڑائی کے پیش نظر پینٹاگون اور محکمہ خارجہ نے احتیاطاً خطے کے اڈوں سے عملہ واپس بلا لیا ہے اور اسرائیل کو پیٹریاٹ میزائل شکن نظام کی ایک اضافی بیٹری بھی فراہم کی گئی ہے۔
پینٹاگون اور سی آئی اے نے آپریشنل سکیورٹی کے باعث تبصرے سے گریز کیا، تاہم پینٹاگون نے کہا کہ تمام آپشنز بدستور موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی منصوبوں میں ایرانی جوہری مقامات اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر شدید حملے شامل ہیں، جن سے شہریوں اور صنعتوں کی بجلی منقطع ہو سکتی ہے، تاہم ٹرمپ نے ابھی اس کی منظوری نہیں دی۔
نیتن یاہو کا خیال ہے کہ ایسے حملوں سے ایران میں عوامی بغاوت جنم لے سکتی ہے، جبکہ اسرائیل میں عبوری حکومت کی سربراہی کرنے والے نیتن یاہو کے لیے نئی جنگ اپوزیشن کی حکومت سازی میں رکاوٹ ڈالنے اور قومی اتحادی حکومت کی تشکیل کا ذریعہ بن سکتی ہے۔
اسرائیل نے واشنگٹن کو ایسی انٹیلی جنس معلومات بھی دی ہیں، جن کے مطابق ایران کیمیائی و حیاتیاتی ہتھیاروں کی صلاحیت بڑھا رہا ہے، جنہیں ڈرونز کے ذریعے خطے یا امریکہ و یورپ میں استعمال کیا جا سکتا ہے، تاہم امریکی انٹیلی جنس کی غالب رائے یہ ہے کہ تہران یہ صلاحیتیں پیشگی حملے کے بجائے امریکہ اور اسرائیل کو جوہری یا تباہ کن حملوں سے باز رکھنے کے لیے بنا رہا ہے۔
اسرائیل نے یہ دعویٰ بھی شیئر کیا کہ ایران نے سینئر امریکی حکام کو کیمیائی مواد سے نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا تھا اور باخبر ذرائع کے مطابق اسی خطرے کے پیش نظر حالیہ ہفتوں میں وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو ان کی رہائش گاہ سے منتقل کیا گیا تھا۔






