جنوبی کوریا نے آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے لیے عالمی مشن کے تحت بحری گشتی طیارے اور بم ناکارہ بنانے والی ٹیم علاقے میں بھیجنے کا اعلان کردیا۔
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے بیان میں کہا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کے قریب سمندری حدود میں اپنے بحری گشتی طیارے اور دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے والی خاص ٹیم یعنی ای او ڈی ڈسپیچ کر رہی ہے تاکہ اس اہم سمندری راستے کو جہاز رانی کے لیے کھلی رکھنے میں مدد مل سکے۔
وزارت دفاع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ حکومت نے اپنے یونٹ چیلونگھے اینٹی پائریسی نیول یونٹ کے آپریشنل دائرہ کار کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، جو اس وقت آبنائے کے قریب عمان کے جنوبی پانیوں میں کام کر رہا ہے۔
یونہاپ نیوز ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریائی حکام نے بتایا ہے کہ صومالیہ کے ساحل پر کام کرنے والے اس بحری یونٹ کے آپریشنز کو اب آبنائے ہرمز کے قریب تک وسعت دی جائے گی۔
حکام کا کہنا تھا کہ حکومت اس حوالے سے پارلیمنٹ میں ایک قانونی مسودہ پیش کرے گی تاکہ مشرق وسطیٰ میں اس یونٹ کی تعیناتی کی مدت میں توسیع کی جا سکے، جو کہ رواں سال کے آخر میں ختم ہو رہی تھی۔
رپورٹ کے مطابق اس توسیع کے بعد اس نیول یونٹ کا آپریشنل علاقہ خلیج عدن سے بڑھ کر بحیرہ عرب میں عمان کے جنوب تک پھیل جائے گا، جس سے اس کا کام کرنے کا دائرہ کار تقریباً دوگنا ہو کر 1930 کلومیٹر تک پہنچ جائے گا۔
جنوبی کوریا نے یہ فیصلہ امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف فروری میں شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے خلیجی راستوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کئی ماہ کی تفصیلی بات چیت کے بعد کیا ہے۔
تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ سیؤل نے تہران کے خلاف براہ راست فوجی مدد کے لیے واشنگٹن کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔






