واشنگٹن (جی ٹی وی نیوز): وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین میں چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔ متوقع سہ فریقی ملاقات میں جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول اور عالمی امور پر بات چیت ہوگی، تاہم امریکی حکام کے مطابق کسی باضابطہ معاہدے کی توقع نہیں ہے۔
اس سے قبل امریکی جریدے ’نیویارک پوسٹ‘ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ چین کے شہر شینزن میں جمعرات کو تینوں عالمی رہنماؤں کی ملاقات کا امکان ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ملاقات کے دوران جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول کے علاوہ شمالی کوریا، یوکرین اور ایران سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آسکتے ہیں۔
جوہری ہتھیاروں میں کمی پر بات چیت متوقع
وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق تینوں رہنماؤں کی ملاقات میں جوہری ہتھیاروں میں کمی کے معاملے پر گفتگو ہوگی۔ امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ اس ملاقات سے کسی فوری معاہدے کی توقع نہیں کی جا رہی۔
تین بڑی عالمی طاقتوں کے سربراہان کی متوقع ملاقات کو عالمی سیاست اور بین الاقوامی تعلقات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ امریکا، چین اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں، علاقائی تنازعات اور عالمی سلامتی سے متعلق متعدد معاملات موجود ہیں۔
متوقع ملاقات کا یالٹا کانفرنس سے موازنہ
تینوں عالمی رہنماؤں کی ممکنہ ملاقات کو 1945 میں دوسری جنگ عظیم کے بعد ہونے والی یالٹا کانفرنس سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔ اس کانفرنس میں امریکی صدر فرینکلن روزویلٹ، برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل اور سوویت رہنما جوزف اسٹالن نے یورپ کی جنگ کے بعد کی صورتحال اور نئی حد بندیوں سے متعلق معاملات پر بات چیت کی تھی۔
یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے بھی ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوٹن کے درمیان متوقع ملاقات کو یالٹا کانفرنس سے جوڑتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
زیلنسکی کا کہنا تھا کہ چین کا شہر شینزن 21ویں صدی کے لیے یالٹا طرز پر عالمی اثر و رسوخ کے دائروں کی نئی تقسیم کے معاہدے کا مرکز بن سکتا ہے۔
ان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ یوکرین کو خدشہ ہے کہ بڑی عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والی کسی بھی مفاہمت میں اس کے مفادات اور مستقبل کے فیصلوں کو نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔






