سینٹکام کے سربراہ بریڈ کوپر نے تل ابیب میں اسرائیلی سیکیورٹی حکام سے ملاقات کے بعد ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ بریڈ کوپر نے ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل بریڈ کوپر نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے بھی ملاقات کی، جس میں دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کے امور زیر بحث آئے۔ یہ ملاقاتیں تل ابیب میں اعلیٰ اسرائیلی فوجی اور انٹیلی جنس حکام کے ساتھ ان کی بات چیت کے بعد ہوئی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی نے بتایا کہ سعودی وزیر دفاع اور امریکی کمانڈر نے امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں سمیت خطے میں سلامتی، استحکام اور امن کے فروغ کی کوششوں پر گفتگو کی۔
اس ملاقات میں سعودی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض الرویلی اور اعلیٰ امریکی سفارتی و فوجی نمائندے بھی شریک تھے۔
قبل ازیں تل ابیب میں بریڈ کوپر نے اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ اور اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف سے ملاقات کی تھی، جس کے بارے میں اسرائیلی فوج نے بتایا کہ ان مذاکرات میں علاقائی سیکیورٹی چیلنجوں، فوجی تیاریوں اور امریکہ کے ساتھ ہم آہنگی کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔






