غزہ میں اسرائیل کی بربریت جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف فضائی حملوں میں 16 فلسطینی شہید ہو گئے۔
غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈرونز، ہیلی کاپٹروں اور لڑاکا طیاروں کے حملوں میں شدت کے درمیان اسرائیلی حملوں میں 16 فلسطینی شہید ہو گئے۔
صبح سویرے دیر البلاح کے مغرب میں شہر کے پناہ گزین کیمپ کے داخلی راستے کے قریب ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر اسرائیلی اپاچی ہیلی کاپٹروں نے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے 2 پے در پے میزائل داغے، جس سے 2 افراد شہید اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
اپارٹمنٹ میں آگ لگ گئی اور سول ڈیفنس کے عملے نے 2 بری طرح جھلسی ہوئی لاشیں نکالیں، جن کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، زخمیوں کو شہدائے الاقصیٰ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 2 کی حالت تشویشناک بتائی گئی، جبکہ امدادی کارکن اندر پھنسے افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یہ حملہ فجر کے وقت ایک گنجان آباد علاقے میں ہوا، جہاں کئی خاندان گھروں اور قریبی سڑکوں کے ساتھ لگے خیموں میں پناہ لیے ہوئے تھے۔
غزہ شہر میں اسرائیلی ڈرون حملے میں الشاطی پناہ گزین کیمپ میں 3 فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ ایک اور حملے میں الدرج محلے میں 3 افراد شہید ہوئے، جبکہ مزید حملوں میں التوام اور جبالیہ میں بے گھر خاندانوں کی پناہ گاہ خیموں کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی حملوں میں خان یونس میں پولیس افسران سمیت فلسطینی سکیورٹی اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ غزہ کی وزارتِ داخلہ نے انٹرنل سکیورٹی سروس کے 2 کمانڈروں نعیم ابونحل اور محمد ابوالعوف کی شہادت کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل پر افراتفری پھیلانے کی کوشش کا الزام لگایا۔






