وزیراعظم نے پاکستانی برآمدات کو عالمی معیار کے مطابق فروغ دینے کے لیے ٹی ڈی اے پی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کی ازسرنو تنظیم اور اصلاحات کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی میں اضافہ کرنے کے لیے ادارے کوجدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالا جائے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) سمیت مقامی صنعتوں کو عالمی برآمدی معیار سے ہم آہنگ کیا جائے، کیونکہ برآمدات میں اضافے کے لیے مقامی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے زرعی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے پورا ایکو سسٹم بشمول مکمل ویلیو چین تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ شفاف طریقہ کار سے میرٹ پر اچھی تربیت یافتہ افرادی قوت کو ادارے کا حصہ بنایا جائے، کیونکہ اداروں میں اصلاحات تب ہی ممکن ہیں، جب وہاں ترقی کو مخصوص اہداف اور کارکردگی سے مشروط کیا جائے۔
انہوں نے ادارے کی مالی اور پیشہ ورانہ کارکردگی کے جائز ے کے لیے اچھی شہرت کی حامل نجی آڈٹ فرم کی خدمات لینے کی منظوری بھی دی اور کہا کہ پاکستان کی برآمدی صلاحیت وسیع اور جغرافیائی موقع موزوں ترین ہے۔
بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ٹی ڈی اے پی کے دائرہ کار کو 8 بنیادی افعال تک محدود کیا جائے گا اور اس کے بورڈ و انتظامی ڈھانچے کی مکمل تنظیم نو کی جائے گی۔ ادارے میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور مصنوعی ذہانت کا استعمال بڑھایا جائے گا۔
ان اصلاحات کی تکمیل کے لیے 12 ماہ کا مرحلہ وار منصوبہ پیش کیا گیا، جس پر وزیراعظم نے ہدایات جاری کیں کہ تمام اصلاحاتی کام آئندہ برس کے وسط تک مکمل کر کے ان کا عملی اطلاق یقینی بنایا جائے۔






