اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو ہدایت کی کہ وہ سردار لطیف کھوسہ کی دو دن کے اندر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کا انتظام کریں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت شروع ہوئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت کے روبرو بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ہدایت کی کہ 29 جون کا عدالتی آرڈر نکالا جائے، جس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے وہ آرڈر پڑھ کر سنایا۔
سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے جو انڈرٹیکنگ دی تھی، اس کے متعلق وہی بتا سکتے ہیں اور ان کی ملاقات کرانے کی کمٹمنٹ کی گئی تھی، جو آج تک نہیں ہو سکی۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر 192 تک بڑھ گیا ہے اور برین ہیمرج کا خطرہ موجود ہے، انہیں مختلف انجکشنز لگائے جا چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی حالت بہت خراب ہے اور 15 نومبر کو ان کی دوبارہ سرجری شیڈول ہے، اس لیے جیل میں ان کا مناسب علاج ممکن نہیں ہے اور انہیں بہتر علاج کے لیے ضمانت دی جائے۔
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ حکومت اپنی ذمہ داری سے غافل نہیں ہے اور بشریٰ بی بی کو جیل میں ہر قسم کی طبی سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور 8 نومبر کو بھی میڈیکل بورڈ نے ان کا چیک اپ کیا گیا ہے۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے سردار لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ایک گھنٹے کی ملاقات کرانے کا حکم دے دیا۔






