وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ الیکشن کا وقت قریب آتے ہی کئی لوگوں کو تکلیف ہونے لگی ہے، اتنا ہی اعتراض ہے تو وہ وزیر بن کر کیوں بیٹھے ہیں؟ وہ استعفیٰ دے کر گھر کیوں نہیں جاتے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جہلم میں لیپ ٹاپ اورہونہار اسکالرشپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہونہار طلبہ کو محنت کا صلہ دینے آئی ہوں، دسمبر کے مہینے میں طلبا کو ایک لاکھ اسکوٹیز دی جائیں گی، جن کی تیاری بڑے پیمانے پر جاری ہے اور اسی وجہ سے اس میں کچھ تاخیر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 50 ہزار اسکولوں میں کروڑوں بچے زیرِ تعلیم ہیں۔ طلبا کو گرین بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ گزشتہ 2 سال کے دوران 50 ہزار کلومیٹر کی نئی سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں سب سے بڑا سرکاری کینسر اسپتال بنایا جا رہا ہے اور پنجاب کے 25 چھوٹے شہروں میں امراض قلب کے اسپتال قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ ہر شہر میں کیتھ لیبز موجود ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پہلے کام صرف بڑے شہروں میں ہوتے تھے لیکن اب لاہور کی طرح راجن پور اور منڈی بہاؤ الدین میں بھی یکساں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اور لاہور سے زیادہ دیگر شہروں میں سڑکیں بنی ہیں۔ صوبے کے تمام شہروں میں یکساں ترقی ہو رہی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج کسی اثرورسوخ رکھنے والے کی جرات نہیں کسی غریب پر ہاتھ اٹھا سکے۔ ایک شخص نے دکان میں لڑکی پر تشدد کیا۔ تھانے بلاکر لڑکی کو کہا اس مالدار کے منہ پر تھپڑ مارو۔ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے۔ پنجاب میں اب پیسے کا غرور نہیں چلے گا۔ جھوٹ پر مبنی بیانیہ خدمت کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کا وقت قریب آتے ہی کئی لوگوں کو تکلیف ہونے لگی ہے۔ مجھے سمجھ آرہا ہے کہ کیا ہو رہا ہے، میری توجہ ہٹانے کی کوشش بھی کی جارہی ہے۔ 3 سال کے دوران کئی ہزار ارب کے منصوبے لانچ کیئے، اللہ تعالیٰ کو حاضر ناظر جان کر کہتی ہوں کہ کوئی یہ کہہ دے کہ ایک پیسہ بھی مریم نواز نے عوام کی امانت میں خیانت کی ہے، تو میں اللہ اور عوام کے آگے جواب دہ ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر میرے پاس کسی وزیر کی شکایت ثبوت کے ساتھ آجائے کہ اس نے کوئی رشوت لی یا کسی منصوبے میں کرپشن کی ہے، تو میں قسم کھاتی ہوں کہ انہیں نہیں بخشوں گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ لوگ جہاں سے اٹھ کر آتے ہیں، مجھے سب پتہ ہے۔ اپنی اگلی ارینجمنٹ کر رہے ہوتے ہیں۔ جنہیں اعتراض ہے، وہ وزیر بن کر کیوں بیٹھے ہیں؟ وہ استعفیٰ دے کر گھر کیوں نہیں جاتے۔ جن کی پرورش رشوت اور کرپشن کے ماحول میں ہوئی ہے، آج باہر بیٹھ گئے ہیں، تو وہ اگر بات کریں گے تو انسان کی عقل نہیں مانے گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی نہیں کہا پنجاب میں کرپشن مکمل ختم ہوگئی۔ کیا سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں کرپشن نہیں ہے۔ ایک فرق ہے کہ پنجاب واحد صوبہ ہے، جہاں کی وزیر اعلیٰ روز کرپشن پکڑتی ہے اور اس کے پیچھے جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کئی سال کرپشن کا بازار گرم رہا۔ آج حکومت تبدیل ہوئی تو پتہ چلا کہ وہاں کرپشن کا کس قسم کا نیٹ ورک تھا۔ میرا وعدہ ہے کہ آپ کا پیسہ آپ کی ترقی پر خرچ ہوگا، جو عوام کی امانت میں خیانت کرے گا، مریم نواز عوام کا حق اس کے حلق سے نکال کر لائے گی۔






