صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے دیوالی کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر کی ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے دیوالی کے تہوار پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم ہندو برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی ہندو برادری ہماری قومی زندگی کا ایک لازمی اور اہم حصہ ہے۔ مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے دیوالی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار برائی پر اچھائی اور تاریکی پر روشنی کی فتح کی علامت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پر اس کے تمام شہریوں کا یکساں حق ہے اور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی ایک ایسے پاکستان کا تصور پیش کیا تھا، جہاں تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہم تعصب اور امتیاز کو مسترد کرکے ہی ایک منصفانہ اور ہمدرد معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے پیغام میں ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار نفرت اور عدم برداشت کے اندھیروں پر روشنی کی فتح کا پیغام دیتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ہندو برادری ملکی قومی تشخص کا قابل قدر حصہ ہے اور ملک کی سماجی، ثقافتی اور اقتصادی ترقی میں ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی مذہبی اور ثقافتی رنگارنگی پر فخر کرتا ہے اور حکومت اپنے تمام شہریوں کے حقوق، وقار اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، اتحاد اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، جبکہ انہوں نے ملک میں امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کا بھی دوبارہ اعادہ کیا۔






