ضلع ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیس کانسٹیبل سعادت اور ان کے 5 سالہ بیٹے کو شہید کر دیا۔
خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کے محلہ خدریانوالہ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیس کانسٹیبل اور ان کے معصوم بیٹے کو شہید کر دیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے مطابق پولیس کانسٹیبل سعادت اپنے 5 سالہ بیٹے کے ہمراہ گھر کے لیے بازار سے سودا سلف لینے جا رہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل سعادت موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے، جبکہ ان کا 5 سالہ بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔
واقعے کے فوری بعد زخمی بچے کو تشویشناک حالت میں ڈی آئی خان منتقل کیا گیا، تاہم وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس نے دونوں باپ بیٹے کی لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔






