وزیر اعظم اور نواز شریف کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے طویل اہم ملاقات ختم ہو گئی ہے، جس میں معاشی صورتحال اور مہنگائی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
لاہور میں وزیر اعظم شہباز شریف نے جاتی امراء جا کر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے اہم اور تفصیلی ملاقات کی، جو تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہنے کے بعد ختم ہو گئی اور بعد ازاں وزیر اعظم وہاں سے روانہ ہو گئے۔
دوران ملاقات وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے قائد کو ملک کی مجموعی سیاسی، انتظامی اور معاشی صورتحال سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا اور جاری معاشی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران نواز شریف نے حکومت کو واضح ہدایت جاری کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا جو بھی اثر ہو، اس کا تمام تر فائدہ براہِ راست اور فوری طور پر عوام تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہی اصل میں عام انسان کو حقیقی ریلیف دینا ہے۔ قائد مسلم لیگ ن نے تاکید کی کہ حکومت ایسی پائیدار پالیسیاں مرتب کرے، جن سے روز مرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں مسلسل نیچے رہیں، کیونکہ مسلم لیگ ن کی یہ روایت اور خاصہ رہا ہے کہ وہ ہمیشہ ایسی پالیسیاں بناتی ہے، جس کا ڈائریکٹ ریلیف عام عوام کو ملے۔






