اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی وکلاء کی جانب سے خاور مانیکا پر تشدد کے کیس میں فردِ جرم عائد کرنے کے لیے 11 نومبر کی تاریخ مقرر کر دی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے تحریکِ انصاف کے وکلاء کی جانب سے خاور مانیکا پر تشدد کے کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی وکلاء نے عدالت سے طویل تاریخ دینے کی استدعا کی، جس پر جج طاہر عباس سپرا نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ آپ لوگوں نے تماشہ بنا رکھا ہے اور پیش ہی نہیں ہوتے، جب تک تمام ملزمان پورے نہیں ہوتے تب تک کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی۔
وکلاء صفائی نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ہم تو روزانہ پیش ہوتے ہیں، جو پیش ہو رہے ہیں ان کا کیا قصور ہے؟ اس پر جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ جو پیش ہو رہے ہیں وہ بھی ہمراہی ملزمان ہی ہیں۔
انہوں نے وکلاء کو ہدایت کی کہ آپ کل فردِ جرم عائد کروا لیں، اس کے بعد اگلی تاریخ مناسب دے دی جائے گی۔ عدالت نے کارروائی 11 نومبر تک ملتوی کر دی۔






