راولپنڈی (جی ٹی وی نیوز اردو): اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف اور بشریٰ بی بی سے وکلا سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی تین گھنٹے سے زائد طویل ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال، نئے صوبوں کی بحث، گورنر راج کی ممکنہ صورتحال اور بشریٰ بی بی کی صحت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث پر بانی پی ٹی آئی کی رائے مثبت تھی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے پنجاب میں نئے صوبوں کے حوالے سے سامنے آنے والی قراردادوں کا بھی حوالہ دیا، تاہم اس معاملے پر تحریک انصاف کی آئندہ حکمت عملی یا حتمی پالیسی سے متعلق انہوں نے کوئی واضح ہدایت نہیں دی۔
بانی پی ٹی آئی نے مولانا سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ان کی جانب سے اپوزیشن کے درمیان رابطوں اور سیاسی اتحاد کے امکانات پر توجہ دینے کا کہا گیا۔ گورنر راج اور ایمرجنسی سے متعلق معاملات پر ان کا ردعمل سخت تھا، جبکہ انہوں نے اس حوالے سے کہا کہ اس کا حل نئی انتظامیہ کے پاس نہیں ہے۔
ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے وکلا سے کہا کہ انہیں معلوم تھا کہ وہ ملاقات کے لیے آرہے ہیں اور انہوں نے اس بارے میں پہلے ہی پڑھ لیا تھا۔ ذرائع کے مطابق انہیں جیل میں اخبارات اور دو سے تین نجی ٹی وی چینلز دیکھنے کی سہولت بھی حاصل ہے، جس کے باعث وہ جیل سے باہر کے سیاسی اور قانونی حالات سے مکمل طور پر آگاہ تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق معاملات پر بھی تشویش ظاہر کی اور ہدایت دی کہ پارٹی اس حوالے سے ایک کھلا خط لکھے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی اہلیہ کی فکر ہے اور ان کی صحت کے معاملے پر توجہ دی جائے۔ بشریٰ بی بی کی جانب سے سرجری نہ کرانے کی وجہ بھی بیان کی گئی، جس کے مطابق معمولی سی غلطی سے بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ملاقات میں 13 ماہ تک ملاقات کے لیے نہ آنے کی شکایت کا معاملہ بھی سامنے آیا۔ ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی نے اس حوالے سے شکوہ کیا تو بانی پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ انہیں ملاقات کے لیے آنے نہیں دیا جاتا۔
ذہنی دباؤ سے متعلق گفتگو میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ذہنی دباؤ جان لیوا ہوتا ہے، تاہم وہ ایک اسپورٹس مین ہیں اور جانتے ہیں کہ صورتحال کو کس طرح سنبھالنا ہے۔ ذرائع کے مطابق تین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں سیاسی معاملات کے ساتھ صحت اور جیل میں دستیاب معلومات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔






