سندھ حکومت نے سرکاری وسائل کی بچت اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے سرکاری محکموں کی روایتی گاڑیوں کو مرحلہ وار الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
کراچی میں سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے کفایت شعاری کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، متعلقہ صوبائی سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ سرکاری وسائل کی بچت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ایسے اقدامات کیے جائیں، جن سے اخراجات کم کرنے کے ساتھ ماحول کا تحفظ بھی ممکن ہو۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ مستقبل میں الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دی جائے اور بتدریج سرکاری گاڑیوں کا پورا نظام ماحول دوست ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری گاڑیوں میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے سے ایندھن کے اخراجات میں نمایاں کمی ہو گی اور سرکاری خزانے پر بوجھ کم ہو گا کیونکہ مستقبل الیکٹرک گاڑیوں کا ہے، اس لیے سرکاری ادارے بھی ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنائیں اور ہم روایتی ایندھن پر انحصار کم کرنا چاہتے ہیں۔
اجلاس میں محکمہ داخلہ، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اور جامعات کے لیے گاڑیوں کی خریداری کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ روایتی گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں فضا کو متاثر کرتا ہے اور بلدیاتی اداروں میں بھی الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے۔






