مکہ معاہدہ کے رکن ممالک سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق مکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اس اجلاس کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے، جس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور عسکری حکام کی شرکت متوقع ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان دفاعی و سیاسی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، علاقائی سلامتی کی صورت حال اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اس کمیٹی کے سیکریٹری جنرل جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود بھی اجلاس کے انتظامی اور ادارہ جاتی امور میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس اجلاس سے قبل اسلام آباد میں 2 ابتدائی اجلاس منعقد ہو چکے ہیں، جبکہ انتظامی اور تیاریوں سے متعلق تمام امور مکمل کر لیے گئے ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ معاہدۂ مکہ میں شامل ممالک سعودی عرب اور ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثی جنگجوؤں کے درمیان جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کریں گے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے جنوب میں مسلسل جاری بدامنی یقیناً اجلاس کے ایجنڈے کا ایک اہم نکتہ ہوگی۔ اُنہوں نے تصدیق کی کہ اجلاس میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے وزرائے دفاع اور وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔
اس اہم اجلاس کے موقعے پر اسلام آباد میں آج مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے گزشتہ روز جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق آج شہر میں سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔
نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ایم سی آئی، سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے دفاتر بدستور کھلے رہیں گے جبکہ آئیسکو، سوئی ناردرن گیس اور اسپتالوں میں معمول کے مطابق کام جاری رہے گا۔
دوسری جانب اسلام آباد ٹریفک پولیس نے اپنی ٹریفک ایڈوائزری میں کہا ہے کہ غیر ملکی وفود کی آمدورفت کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔
پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پابندیوں کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گھر سے نکلنے سے پہلے سرکاری ذرائع سے ٹریفک کی تازہ صورت حال معلوم کر لیں۔






