سی ٹی ڈی حیدرآباد نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم قوم پرست تنظیم کے ایک کروڑ روپے ہیڈ منی والے دہشت گرد شعیب خشک کو گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر نے بتایا کہ سی ٹی ڈی حیدرآباد نے کارروائی کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے ہیڈ منی والے دہشت گرد کو پکڑ لیا ہے، جس کی شناخت کالعدم قوم پرست تنظیم کے دہشت گرد شعیب خشک کے طور پر ہوئی ہے، جسے حیدرآباد سے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد کی گرفتاری پر سندھ حکومت نے ایک کروڑ روپے انعام مقرر کر رکھا تھا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ دہشت گرد کی گرفتاری کے لیے 3 روز قبل بھی ضلع ٹھٹہ میں آپریشن کیا گیا تھا، تاہم آپریشن کے دوران ملزم اور اس کے ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد کی نشاندہی پر زیر زمین چھپایا گیا ہینڈ گرنیڈ اور مختلف اقسام کے اسلحے کی گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں، جبکہ گرفتار دہشت گرد اپنے کمانڈر اصغر شاہ سے بھی رابطے میں تھا۔ فرار ہونے والے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔






