وزیراعلیٰ سندھ نے تھرپارکر اور عمرکوٹ کے خشک سالی متاثرین کے لیے 5 ارب 30 کروڑ روپے کے امدادی پیکیج پر فوری عملدرآمد کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت تھرپارکر اور عمرکوٹ کے لیے امدادی پیکیج پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں گزشتہ خشک سالی کی طرح متاثرین کو رعایتی یا مفت گندم اور غذائی امداد فراہم کرنے کی تجویز پیش کی گئی، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے متاثرین کو فوری ریلیف پہنچانے کے لیے نقد رقم دینے کی منظوری دی اور 5 ارب 30 کروڑ روپے کے امدادی پیکیج پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ ہر مستحق خاندان کو 8 ہزار روپے 3 قسطوں میں فراہم کیے جائیں گے، جن میں پہلی قسط یکم دسمبر، دوسری یکم جنوری اور تیسری یکم فروری کو جاری ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ فوری امداد ترجیح ہے اور انتظامی تاخیر سے کوئی مستحق محروم نہ رہے، اس لیے چیف سیکریٹری کو متعلقہ محکموں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے رابطے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ منتخب نمائندے بھی مستحق خاندانوں کی نشاندہی اور امدادی عمل میں کردار ادا کریں۔
اجلاس میں تھرپارکر کو آفت زدہ قرار دینے کی تجویز دی گئی، جس میں کالوئی کے 9 نہری دیہات مستثنیٰ رکھے گئے ہیں، جبکہ عمرکوٹ کے صحرائی علاقوں کے 25 دیہات مجوزہ آفت زدہ علاقوں میں شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے امدادی فہرستوں کی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے تصدیق کر کے دہرا اندراج اور تاخیر روکنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مویشی پال و بارانی کاشتکار خاندانوں کو خشک سالی کے اثرات سے بچانا ضروری ہے۔
انہوں نے کاشتکاروں کو فی ایکڑ 4 ہزار روپے ڈی اے پی کھاد سبسڈی دینے اور محکمہ خوراک کو گندم فراہمی پر فی من 2 ہزار روپے اضافی امداد دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کی مدد غذائی تحفظ، زرعی سرگرمیوں اور دیہی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم ہے اور حکومت متاثرہ خاندانوں، کسانوں اور کمزور طبقات کی مدد کے لیے پرعزم ہے۔






