اینڈرائیڈ اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کے لیے ایپس انسٹال کرنے کا طریقہ مزید تبدیل ہونے جا رہا ہے۔
چین کی چار بڑی اسمارٹ فون کمپنیاں شیاؤمی، اوپو، ویوو اور آنر نے ایپس کے ڈویلپرز کی شناخت کی تصدیق کے لیے نیا نظام متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی ہے۔ اس تبدیلی کا مقصد جعلی اور نقصان دہ ایپس کے ذریعے ہونے والے فراڈ کو روکنا اور صارفین کی ذاتی معلومات کو محفوظ بنانا ہے۔
اس نئے نظام کو اینڈرائیڈ ڈویلپر ویریفکیشن (ADV) کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے تحت ایپ بنانے والے ہر ڈویلپر کو اپنی اصل شناخت کی تصدیق کرانا ہوگی۔ اس طرح کسی ایپ کے ذریعے دھوکا دہی ہونے کی صورت میں اس کے ذمہ دار ڈویلپر تک پہنچنا آسان ہوگا۔
اس اقدام کی ضرورت اس لیے محسوس کی گئی کیونکہ آفیشل ایپ اسٹورز کے علاوہ دوسری ویب سائٹس سے ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپس کے ڈویلپرز کی شناخت کا کوئی مشترکہ نظام موجود نہیں تھا۔ ایسی ایپس کے ذریعے صارفین کو مالی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ان کی ذاتی معلومات چوری ہوسکتی ہیں اور ان کی اجازت کے بغیر خریداری بھی کی جا سکتی ہے۔
اینڈرائیڈ میں نیا ویریفکیشن سسٹم کیسے کام کرے گا؟
نئے نظام کے تحت ہر ایپ کو اس کے تصدیق شدہ ڈویلپر کی شناخت سے منسلک کیا جائے گا۔ شیاؤمی، اوپو، ویوو اور آنر کے اپنے آفیشل ایپ اسٹورز پر موجود ایپس اور ان کے ڈویلپرز کی خودکار تصدیق کر دی جائے گی۔ اس لیے انہیں دوبارہ رجسٹریشن کے مراحل سے نہیں گزرنا پڑے گا۔
تاہم جو صارفین کسی ویب سائٹ یا دوسرے غیر سرکاری ذریعے سے APK فائل ڈاؤن لوڈ کرکے ایپ انسٹال کرنا چاہیں گے، انہیں اضافی تصدیق کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اگر ایپ بنانے والے کی شناخت تصدیق شدہ نہیں ہوگی تو فون پر وارننگ ظاہر ہوگی۔ اس کے بعد صارف کو انسٹالیشن جاری رکھنے کے لیے اپنی منظوری دینا ہوگی۔
شیاؤمی نے تصدیق کا عمل شروع کردیا
شیاؤمی نے 21 اکتوبر سے ڈویلپرز کی رجسٹریشن شروع کی تھی جبکہ 31 اکتوبر سے فونز میں باہر سے انسٹال ہونے والی ایپس کی جانچ کا عمل بھی شروع کردیا گیا۔ کمپنی کے مطابق تصدیق کے لیے ایپ کا پیکیج نیم، ڈیجیٹل سائننگ کی اور ڈویلپر کی شناخت دیکھی جائے گی۔
اگر کوئی ڈویلپر اپنی ایپ کا پیکیج نیم یا سائننگ کی تبدیل کرتا ہے تو اسے دوبارہ تصدیق کرانا ہوگی۔ آفیشل اسٹورز کے علاوہ ایپس فراہم کرنے والے ڈویلپرز کو HyperOS ڈویلپر پلیٹ فارم پر رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ اس عمل میں انفرادی افراد اور کمپنیوں دونوں کی شناخت چیک کی جائے گی۔ شناخت کی تصدیق میں ایک سے تین کاروباری دن لگ سکتے ہیں۔
کیا تصدیق شدہ ایپس مکمل محفوظ ہوں گی؟
شیاؤمی نے واضح کیا ہے کہ یہ نظام وائرس یا میل ویئر کی شناخت کے لیے نہیں بنایا گیا۔ اس کا بنیادی مقصد صرف ایپ بنانے والے کی شناخت کی تصدیق کرنا ہے۔ اس لیے کسی ایپ کا تصدیق شدہ ہونا اس بات کی ضمانت نہیں کہ وہ مکمل طور پر محفوظ ہے۔ اسی طرح غیر تصدیق شدہ ایپ لازمی طور پر نقصان دہ نہیں ہوتی۔ کمپنی ایپس کی وائرس اور میل ویئر کے حوالے سے الگ جانچ بھی جاری رکھے گی۔
اوپو، ویوو اور آنر نے بھی اپنے ڈویلپرز کے لیے تصدیقی پالیسی سے متعلق دستاویزات جاری کردی ہیں۔ چاروں کمپنیاں تصدیق کے نتائج ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کریں گی تاکہ ڈویلپرز کو ہر پلیٹ فارم پر الگ سے رجسٹریشن نہ کرانی پڑے۔
دوسری جانب گوگل بھی چین سے باہر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے اسی نوعیت کے قواعد نافذ کر رہا ہے۔ کمپنی کے منصوبے کے مطابق 2027 میں یہ شرائط تمام سرٹیفائیڈ اینڈرائیڈ ڈیوائسز تک پھیلائی جائیں گی۔ اس تبدیلی سے جعلی ایپس کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے، تاہم آفیشل اسٹورز سے باہر ایپس انسٹال کرنے کا عمل پہلے سے زیادہ مشکل بھی ہو سکتا ہے۔






