نوشکی میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ہاتھوں ایک مقامی بلوچ شہری کے قتل کے بعد شدید عوامی ردعمل میں دونوں قاتل بھی مارے گئے۔
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں فتنہ الہندوستان سے منسوب مبینہ دہشت گردوں نے ایک مقامی بلوچ شہری جہانزیب ولد محمد نعیم کو نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔
حکومتِ بلوچستان کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی کے مطابق مقتول جہانزیب نوشکی کی گوشت مارکیٹ میں قصاب کا کام کرتا تھا اور اس کا تعلق غریب آباد سے تھا۔
واقعے کے وقت جب ملزمان نے جہانزیب کو گولی مار کر قتل کیا تو اس کے بعد مبینہ ٹارگٹ کلرز نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم بھاگتے ہوئے ان کی موٹر سائیکل اسٹارٹ نہ ہو سکی، جس پر وہاں موجود مقامی افراد نے انہیں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
گوشت مارکیٹ کے عوامی ردعمل کے نتیجے میں شہریوں نے دونوں قاتلوں کو بجلی کے کھمبے سے باندھ دیا اور چاقو و فائرنگ سے ان کا خاتمہ کر دیا۔
معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے بتایا کہ مقتول جہانزیب کے بھائی نے دونوں مبینہ دہشت گردوں الطاف ولد محمد عظیم اور زبیر احمد ولد محمد عابد کو مار ڈالا۔
اس واقعے اور بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کی مبینہ دہشت گردانہ کارروائیوں اور مظالم کے خلاف مقامي عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ نوشکی کی اس کارروائی اور عوامی مزاحمت کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے۔






