بانی پی ٹی آئی کو 10 اور 11 نومبر کی درمیانی شب اڈیالہ جیل سے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اسپتال اسلام آباد منتقل کر کے ان کا طبی معائنہ کیا گیا ہے۔
پمز اسپتال کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی کو 10 اور 11 نومبر کی درمیانی شب اڈیالہ جیل سے راولپنڈی سے پمز اسپتال اسلام آباد لایا گیا، جہاں ان کا تفصیلی طبی معائنہ اور آنکھوں کا فالو اپ ٹریٹمنٹ کیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ طبی معائنے کے دوران بانی پی ٹی آئی کے تمام اہم طبی اشاریے اور وائٹلز بلکل معمول کے مطابق پائے گئے ہیں۔ پمز اسپتال کے شعبہ امراضِ چشم کے ماہرین کی ٹیم نے ان کی عمومی جسمانی حالت کو تسلی بخش اور مستحکم قرار دیا ہے۔
ماہر امراضِ چشم کی تجاویز اور ہدایت کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی کو آنکھ میں اینٹی وی ای جی ایف کا انجکشن لگایا گیا۔ انجکشن لگانے کی یہ تمام طبی کارروائی شعبہ امراضِ چشم کے ماہر ڈاکٹروں اور ٹیم کی دیکھ بھال میں مکمل کی گئی۔






