خلیجی ممالک نے ایران پر ممکنہ امریکی حملوں کے پیش نظر سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا، کسی بھی ایرانی ردعمل سے نمٹنے کے لیے اپنے اہم ہوائی اڈوں اور انفراسٹرکچر پر ہنگامی مشقیں شروع کر دی ہیں۔
وال اسٹریٹ جنرل کی رپورٹ کے مطابق خلیج میں امریکی اتحادیوں نے رواں ہفتے ایران پر ممکنہ امریکی حملوں کی تیاری شروع کر دی ہے، کیونکہ تہران کی جانب سے شہری اور معاشی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔
اس صورتحال کے پیش نظر قطر اور متحدہ عرب امارات نے اپنے تمام بڑے ہوائی اڈوں پر ہنگامی مشقیں کی ہیں۔ ابوظہبی میں جاری ایک عالمی توانائی کانفرنس کے شرکاء نے سرکاری ہدایات کے بعد اپنے دورے مختصر کر دیے ہیں۔
دوسری جانب سعودی دارالحکومت ریاض کے اسکولوں کو حوثی باغیوں کے سرحد پار حملوں اور دھمکیوں کی وجہ سے آن لائن تعلیم پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ثالثوں کے مطابق متعدد عرب ممالک نے تہران کو نجی طور پر خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا تو انفرادی یا اجتماعی طور پر فوجی جواب دیا جائے گا۔






