ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی فضائی فورس کے سینیئر مشیر نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کی میزائل انڈسٹری مکمل طور پر خودکفیل اور مقامی تکنیک پر مبنی ہو چکی ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق پاسدارانِ انقلاب اسلامی کی ایروسپیس فورس کے کمانڈ کے سینیئر مشیر بریگیڈیئر جنرل علی بلالی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کی میزائل انڈسٹری نے مکمل خودکفالت حاصل کر لی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی میزائل سازی کی صنعت اب ایرانی قالینوں سے بھی زیادہ مقامی ہو چکی ہے اور اپنی اندرونی صلاحیتوں کے بل بوتے پر مسلسل ترقی کر رہی ہے۔
جنرل علی بلالی نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی میزائلوں کے ٹھوس اور لیکوڈ مائع ایندھن کی تیاری میں استعمال ہونے والا خام مال مکمل طور پر ملک کے اندر سے حاصل اور تیار کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایران کے معدنی وسائل اور پیٹرولیم کی ضمنی مصنوعات نے ملک کو غیر ملکی ترسیلات اور غیر ملکی انحصار سے مکمل طور پر آزاد کر دیا ہے۔






