ایرانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ اور عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق معلومات پر امریکہ کی 20 ملین ڈالر کی پیشکش کی سخت مذمت کریں۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ اور عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی یعنی آئی اے ای اے سے اپیل کی ہے کہ وہ امریکی حکومت کی اس پیشکش کی کھل کر مذمت کریں، جس میں ایران کے ایٹمی پروگرام کی معلومات دینے والے کو 20 ملین ڈالر اور دیگر سہولیات دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ اس قسم کے اقدامات سے جاسوسی کو فروغ ملے گا اور ایران کے ایٹمی سائنسدانوں اور ایٹمی تنصیبات کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو جائیں گے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایرنا کے مطابق، عباس عراقچی نے یہ بات اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس، سلامتی کونسل کی صدر سانیتا پاولیوتا ڈیسلینڈس اور آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کو بھیجے گئے ایک باضابطہ خط میں کہی ہے۔
انہوں نے امریکی پیشکش کو انتہائی نفرت انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کا قدم ایران کی ایٹمی تنصیبات کو تخریب کاری، حملوں اور سائنسدانوں کے ٹارگٹ کلنگ کے خطرے میں ڈالتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایجنسی کے حفاظتی نظام کو امریکہ کی انٹیلی جنس جمع کرنے کی سرگرمیوں کے لیے استعمال یا متاثر نہیں ہونا چاہیے۔






