متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے غیر ملکی شہریوں کے لیے ورک پرمٹ حاصل کرنے کا طریقہ مزید آسان بنا دیا ہے۔
حکومت نے 13 مختلف اقسام کے ورک پرمٹس کے اجرا کے لیے درکار دستاویزات اور کاغذی کارروائی میں نمایاں کمی کردی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملازمت کے خواہشمند افراد اور کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے انسانی وسائل اور اماراتائزیشن (MoHRE) نے اپنے ڈیجیٹل نظام میں اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت ورک پرمٹ کی درخواست دیتے وقت بعض معاون دستاویزات جمع کرانے کی شرط ختم کردی گئی ہے۔ اس سے درخواست گزاروں کو پہلے کے مقابلے میں کم مراحل سے گزرنا پڑے گا۔
وزارت کے مطابق بعض اقسام کے ورک پرمٹس کے لیے درخواست میں فراہم کی جانے والی معلومات کے خانوں کی تعداد میں 75 سے 97 فیصد تک کمی کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ درخواستوں پر کارروائی کا وقت بھی کم کیا گیا ہے۔ اس تبدیلی سے آجروں اور ملازمین دونوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزارت نے ورک پرمٹ جاری کرنے سے متعلق ڈیجیٹل خدمات بھی متعارف کرادی ہیں۔ اب آجر اور دیگر درخواست گزار آن لائن درخواست جمع کراسکتے ہیں۔ اس طرح انہیں معمولی کارروائیوں کے لیے دفاتر کے چکر لگانے اور اضافی کاغذات جمع کرانے کی ضرورت کم ہوگی۔
یہ تمام تبدیلیاں یو اے ای کے زیرو بیوروکریسی اقدام کا حصہ ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد سرکاری خدمات کو آسان بنانا، غیر ضروری مراحل ختم کرنا اور شہریوں و غیر ملکی رہائشیوں کے لیے سرکاری کارروائیوں کا وقت کم کرنا ہے۔
یو اے ای میں کن 13 اقسام کے ورک پرمٹس کے لیے کاغذی کارروائی کم کی گئی؟
وزارت برائے انسانی وسائل اور اماراتائزیشن کی جانب سے ورک پرمٹ کی 13 اقسام میں یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔
- پرائیویٹ ٹیوشن ورک پرمٹ: نجی طور پر ٹیوشن پڑھانے والے افراد کے لیے اجازت نامہ۔
- بیرون ملک سے ورکر بھرتی کرنے کا ورک پرمٹ: متحدہ عرب امارات سے باہر موجود کسی غیر ملکی ملازم کو ملازمت کے لیے بلانے کی اجازت۔
- ٹرانسفر ورک پرمٹ: ایک ادارے یا کمپنی سے دوسری کمپنی میں ملازمت منتقل کرنے والے افراد کے لیے۔
- خاندان کی کفالت پر مقیم افراد کا ورک پرمٹ: ایسے غیر ملکی رہائشی جو اپنے خاندان کی کفالت پر یو اے ای میں موجود ہیں اور ملازمت کرنا چاہتے ہیں۔
- عارضی ورک پرمٹ: محدود مدت کے لیے ملازمت کرنے والے افراد کے لیے۔
- مشن ورک پرمٹ: کسی مخصوص کام یا منصوبے کے لیے عارضی طور پر یو اے ای آنے والے غیر ملکی کارکنوں کے لیے۔
- پارٹ ٹائم ورک پرمٹ: جز وقتی ملازمت کرنے والے افراد کے لیے۔
- کم عمر افراد کا ورک پرمٹ: مقررہ قانونی شرائط کے تحت کم عمر افراد کو کام کرنے کی اجازت دینے کے لیے۔
- طلبہ کی تربیت یا ملازمت کا اجازت نامہ: ایسے طلبہ کے لیے جو تربیت حاصل کرنا یا ملازمت کرنا چاہتے ہیں۔
- اماراتی اور جی سی سی شہریوں کا ورک پرمٹ: متحدہ عرب امارات اور خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے شہریوں کے لیے۔
- گولڈن ریزیڈنسی ورک پرمٹ: گولڈن ویزا رکھنے والے افراد کے لیے ملازمت کا اجازت نامہ۔
- قومی تربیتی ورک پرمٹ: مقامی شہریوں کو تربیت فراہم کرنے کے لیے جاری کیا جانے والا اجازت نامہ۔
- فری لانس ورک پرمٹ: آزادانہ طور پر مختلف منصوبوں اور کاموں پر خدمات فراہم کرنے والے افراد کے لیے۔
پاکستانیوں کے لیے بھی اہم سہولت
متحدہ عرب امارات میں بڑی تعداد میں پاکستانی شہری ملازمت کرتے ہیں اور ہر سال مزید پاکستانی روزگار کے لیے وہاں کا رخ کرتے ہیں۔ ایسے میں ورک پرمٹ کے اجرا کا طریقہ آسان ہونے سے پاکستانی ملازمین اور انہیں بھرتی کرنے والی کمپنیوں کو بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
خاص طور پر بیرون ملک سے کارکن بھرتی کرنے، عارضی ملازمت اور پارٹ ٹائم ورک پرمٹ کے مراحل میں کمی سے درخواستوں کا عمل پہلے سے زیادہ آسان ہونے کی توقع ہے۔






