یمن کی حکومت نے حوثی حملوں کی مذمت کرنے والی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کا خیرمقدم کیا ہے، تاہم گروپ کو دہشت گرد قرار نہ دینے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی، جس کے تحت یمن کے تنازع سے جڑی مالی اور سفری پابندیوں میں توسیع کر دی گئی ہے۔
اقوام متحدہ میں یمن کے مستقل مندوب عبداللہ السعدی نے کہا ہے کہ حوثیوں نے اپنی کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے بحیرہ احمر، آبنائے باب المندب اور خلیج عدن میں بحری سلامتی کو شدید خطرات سے دوچار کر رکھا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل حوثی ملیشیا کو دہشت گرد گروپ قرار دینے میں ناکام رہی ہے۔
دوسری جانب یمن کی حکومت نے مغربی صوبے تعز کے ساحلی قصبے ذباب سے اپنی افواج کے انخلا سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔
یمنی وزارت اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حوثی نواز سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے ایک ویڈیو پھیلائی جا رہی ہے، جس میں مبینہ طور پر سرکاری افواج کو ساحلی قصبے سے پیچھے ہٹتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
وزارت اطلاعات کے میڈیا تصدیقی مرکز نے معاملے کی مکمل تحقیقات کے بعد اس دعوے کو جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا کے پروپیگنڈے میں کوئی صداقت نہیں ہے۔






