اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے حوثیوں پر عائد پابندیوں کی تجدید کرتے ہوئے حوثی ملیشیا کے ڈرونز اور میزائلوں کی تیاری میں استعمال ہونے والی دوہرے استعمال کی اشیا روکنے کا متفقہ فیصلہ کرلیا۔
سلامتی کونسل میں متفقہ طور پر منظور ہونے والی قرارداد میں یمن کے اندر حوثیوں کی عسکری کارروائیوں اور سعودی عرب پر سرحد پار حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ یمن میں عسکری کارروائیاں، سعودی عرب پر حملے اور تجارتی بحری جہازوں کے لیے خطرہ بننا بند کریں۔
قرارداد کے تحت حوثی ملیشیا کے ارکان کے اثاثے منجمد کرنے اور ان پر سفری پابندیوں میں 14 نومبر 2027 تک توسیع کر دی گئی ہے جبکہ پابندیوں کی نگرانی کرنے والے ماہرین کے پینل کی مدت بھی 15 دسمبر 2027 تک بڑھا دی گئی ہے تاہم اپریل 2015 میں قرارداد 2216 کے تحت حوثیوں پر عائد اسلحے کی پابندی کی کوئی مقررہ آخری تاریخ نہیں ہے۔
اقوام متحدہ میں برطانیہ کی مستقل مندوب سارہ میک انٹوش نے کہا کہ اس متفقہ قرارداد سے ظاہر ہوتا ہے کہ کونسل حوثیوں اور سعودی عرب سمیت خطے کے دیگر ممالک پر ان کے حملوں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ یمن کی حکومت اور سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور عالمی قوانین کے تحت اپنی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے ان کے حق کی حمایت کرتا ہے۔
برطانوی مندوب کے مطابق حوثی مقامی سطح پر ہتھیار بنانے کے لیے ایسے کیمیکلز اور پرزوں پر انحصار کرتے ہیں، جو عام شہری مقاصد کے لیے بھی استعمال ہوتے ہیں لیکن انہیں فوجی کارروائیوں میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اقوام متحدہ کے مبصرین کے مطابق حوثی ملیشیا اسمگلنگ اور مارکیٹ میں دستیاب عام پرزوں کے ذریعے اپنے ہتھیاروں کے ذخیرے کو برقرار رکھے ہوئے ہے، جس سے بیرونی مدد پر اس کا انحصار کم ہوا ہے اور وہ مقامی سطح پر ڈرون تیار کرنے کے قابل ہو گئی ہے۔
سلامتی کونسل کا کہنا ہے کہ ماہرین کے پینل کی تیار کردہ فہرست کی بنیاد پر 11 جنوری تک فیصلہ کیا جائے گا کہ رکن ممالک کو حوثیوں کو مخصوص سامان کی فراہمی روکنے کے لیے کیا اقدامات کرنے چاہییں جبکہ برطانیہ آئندہ چند ماہ میں ممنوعہ سامان کی فہرست تیار کرے گا۔
قرارداد میں ماہرین کے پینل سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ یمن کے اہم معاشی شعبوں پر حوثیوں کے کنٹرول سے حاصل ہونے والی آمدنی کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے طریقے تجویز کرے اور خبردار کیا کہ اقوام متحدہ، سفارتی اور امدادی اداروں کے اہلکاروں کو من مانے طریقے سے حراست میں رکھنا مزید پابندیوں کا باعث بن سکتا ہے۔






