ایران، چین اور روس نے واضح کیا ہے کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی جانب سے ایران میں تصدیقی سرگرمیوں کی مکمل بحالی کا انحصار بلا اشتعال جارحیت کے مکمل خاتمے اور دوبارہ حملے نہ ہونے کی ضمانت پر ہے۔
ویانا میں عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے دوران ایران، چین اور روس نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا، جو ایران میں جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی کے تحفظات پر عمل درآمد کے ایجنڈے کے تحت پیش کیا گیا۔
تینوں ممالک نے کہا کہ ایران کی محفوظ جوہری تنصیبات پر فوجی حملوں اور مزید جارحیت کی مسلسل دھمکیوں نے معمول کے مطابق حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کو عملی طور پر ناممکن بنا دیا ہے اور ان غیر معمولی حالات نے ایران میں کسی بھی تصدیقی سرگرمی کے تعین کو متاثر کیا ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ جارحیت کے اقدامات اور طاقت کے استعمال کی مسلسل دھمکیوں سے پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ان تنصیبات پر معمول کے مطابق حفاظتی اقدامات پر غیر مشروط اصرار ایجنسی کی تصدیقی سرگرمیوں کی مکمل بحالی کے لیے سازگار نہیں ہے۔
تینوں ممالک کا کہنا تھا کہ ان سرگرمیوں کی بحالی جارحیت کے خاتمے، نئی جارحیت کی تمام دھمکیوں کے ازالے اور اس بات کی قابل بھروسہ یقین دہانیوں سے مشروط ہے کہ نہ تو ایسے حملے ہوں گے اور نہ ہی ان کی دھمکیاں دہرائی جائیں گی۔
تینوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ باہمی احترام پر مبنی سیاسی اور سفارتی رابطے ہی صورتحال سے نمٹنے کا واحد قابل عمل آپشن ہیں، لہٰذا ذمہ دارانہ، متوازن اور تعمیری رویہ اختیار کیا جائے اور ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے، جو موجودہ چیلنجوں کو بڑھا دیں۔






