تازہ ترین
ایران جنگ جاری رکھنے پر امریکی حکومت میں اختلافات شدت اختیار کرگئے، وزیر دفاع پر ٹرمپ کو غلط اندازہ دینے کا الزام!غزہ جنگ کے سائے میں نیتن یاہو کا اقتدار خطرے میں، دیرینہ اتحادی نے بھی ساتھ چھوڑ دیا!متحدہ عرب امارات میں نئے ٹریفک قوانین کا اعلانفیول ریلیف پروگرام: وزیراعظم کا پیٹرول نہ دینے والے پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکمالیکشن کمیشن کا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کا حکمجوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس: عدم دستیابی کے باعث بانی پی ٹی آئی پر فردِ جرم کی کارروائی ملتویچین اور کویت کی جانب سے پاکستان کو 4.3 ارب ڈالر قرض رول اوور کی یقین دہانیالیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات تا حکمِ ثانی مؤخر کر دیئےایران جنگ جاری رکھنے پر امریکی حکومت میں اختلافات شدت اختیار کرگئے، وزیر دفاع پر ٹرمپ کو غلط اندازہ دینے کا الزام!غزہ جنگ کے سائے میں نیتن یاہو کا اقتدار خطرے میں، دیرینہ اتحادی نے بھی ساتھ چھوڑ دیا!متحدہ عرب امارات میں نئے ٹریفک قوانین کا اعلانفیول ریلیف پروگرام: وزیراعظم کا پیٹرول نہ دینے والے پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکمالیکشن کمیشن کا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کا حکمجوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس: عدم دستیابی کے باعث بانی پی ٹی آئی پر فردِ جرم کی کارروائی ملتویچین اور کویت کی جانب سے پاکستان کو 4.3 ارب ڈالر قرض رول اوور کی یقین دہانیالیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات تا حکمِ ثانی مؤخر کر دیئے
کاروبار

وفاقی کابینہ نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن اور 10 روپے کے سکے کی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن اور 10 روپے کا سکہ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

 وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ ان میں کرنسی نوٹوں کی تبدیلی، خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے دوران انتظامی اختیارات اور پاکستان و کویت کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ شامل ہیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق وزارت خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن منظور کیے گئے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ان نوٹوں کے ڈیزائن تیار کرنے کے لیے ملک بھر کے مصوروں اور ڈیزائنرز سے تجاویز حاصل کی گئیں۔ وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی نے بھی مختلف متعلقہ اداروں اور ماہرین سے مشاورت کی۔

نئے کرنسی نوٹوں میں جعلی نوٹوں کی روک تھام کے لیے جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ بہتر معیار کا میٹریل استعمال ہوگا۔ حکومتی حکام کے مطابق اس سے نوٹ زیادہ پائیدار ہوں گے اور ان کے جلد خراب ہونے کے امکانات کم ہوں گے۔

10 روپے کے نوٹ کی جگہ سکہ متعارف ہوگا

وفاقی کابینہ نے موجودہ 10 روپے کے نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ جاری کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ سکے کی عمر عام کاغذی نوٹ کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔ اس فیصلے سے بار بار نئے نوٹ چھاپنے اور خراب نوٹ تبدیل کرنے کے اخراجات کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی صورت میں وزیراعلیٰ کے روزمرہ انتظامی اختیارات گورنر کو منتقل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ گورنر ان اختیارات کے استعمال سے متعلق ہر ماہ وفاقی حکومت کو رپورٹ پیش کریں گے۔ کابینہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان 11 جون 2023 کو طے پانے والے دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق بھی کردی۔

پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے اضافے کی تجویز روک دی گئی

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز روک دی ہے۔ آئل ریفائنریز سے مذاکرات کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ وہ اپنے اضافی منافع میں سے حصہ دیں گی۔ اس طرح قیمتوں میں ممکنہ اضافے کا بوجھ صارفین پر منتقل ہونے سے روکا گیا۔

وزیراعظم نے ایل پی جی مارکیٹ میں اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پرانے کوٹہ سسٹم کی جگہ مسابقتی نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ اب سرکاری کمپنیوں کے ساتھ نجی درآمد کنندگان بھی ایل پی جی فروخت کرسکیں گے۔ مقامی طور پر تیار ہونے والی ایل پی جی چھوٹی کھیپوں میں کھلی نیلامی کے ذریعے فروخت کی جائے گی۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ ملک میں روزانہ تقریباً 7 ہزار ٹن ایل پی جی کی ضرورت ہے، جبکہ مقامی پیداوار تقریباً 2 ہزار 500 ٹن ہے۔ مقامی ایل پی جی کی پہلی نیلامی آئندہ ہفتے کیمروں کی نگرانی میں ہوگی۔ وزیراعظم کے مطابق نیلامی سے حاصل ہونے والا منافع قومی خزانے میں جمع ہوگا اور اسے عوامی ریلیف کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

پیٹرول سبسڈی پروگرام دسمبر تک جاری رہے گا

وزیراعظم نے بتایا کہ ایندھن سبسڈی پروگرام کم از کم دسمبر کے اختتام تک جاری رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق اب تک ڈیڑھ کروڑ افراد اس پروگرام سے فائدہ اٹھا چکے ہیں اور تقریباً 28 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سبسڈی پروگرام میں بدعنوانی روکنے کے لیے نگرانی سخت کی جائے۔ بے ضابطگیوں میں ملوث پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی اور جرمانے بھی کیے جائیں گے۔