امریکی صدر ٹرمپ، چینی رہنما شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ہونے والی غیر معمولی سہ فریقی ملاقات بڑے معاہدوں کے بجائے طاقت کے توازن، جنگوں، مصنوعی ذہانت اور سفارتی مفادات کے گرد گھومتی دکھائی دی۔
چین کے شہر شینزین میں ہونے والی سہ فریقی بات چیت سے قبل ہی حکام کا اندازہ واضح تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی رہنما شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کسی بڑے معاہدے کے بغیر اٹھیں گے، کیونکہ سفارتی کامیابیوں کے بجائے خود یہ ملاقات ہی اصل مقصد تھی۔
اس جدید شہر کے مضافات میں واقع ایک سرکاری گیسٹ ہاؤس کے اندر گول میز پر جمع ہو کر تینوں رہنماؤں نے پیچیدہ عالمی صورتحال کو مشترکہ طور پر سنبھالنے کی ذمہ داری کا ذکر کیا۔
شینزین اجلاس کے اہم نکات میں پہلا سوال اس کے مقصد کا ہے کہ آیا یہ ملاقات تاریخی موڑ سمجھی جائے گی یا محض ایک تصویر بنوانے کا موقع، کیونکہ جنگوں، معیشت اور جدید ٹیکنالوجی پر بڑے اختلافات حل کرنے کے لیے 81 منٹ ناکافی تھے۔
ابتدائی طور پر یہ اجلاس ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین جنگ پر یوکرین کے نمائندوں کے بغیر بات چیت کے طریقے کے طور پر تجویز کیا تھا، جس نے کیف میں تشویش پیدا کی اور 1945 کی یالٹا کانفرنس سے موازنہ کیا گیا، جس میں عالمی طاقتوں نے جنگ کے بعد دنیا کو اثرورسوخ کے دائروں میں بانٹا تھا۔
شی جن پنگ اور ولادیمیر پیوٹن دونوں نے دوسری جنگ عظیم کے بعد کے اس لمحے کا حوالہ دیا، جب طاقتور ممالک نے دنیا کو شکل دینے کے لیے ہاتھ ملایا تھا۔
امریکی حکام نے پہلے کہا کہ یوکرین ایجنڈے پر نہیں ہوگا، تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے بعد میں کہا کہ وہ یہ معاملہ اٹھائیں گے اور انہوں نے کہا کہ چیزیں آگے بڑھ رہی ہیں، وہ اور پیوٹن امید کرتے ہیں کہ دوسرا فریق اس جنگ کا خاتمہ چاہے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے ذہن میں اس سے بڑھ کر دنیا کی بڑی جوہری ریاستوں کے درمیان جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول پر بات چیت تھی اور وہ ماسکو و بیجنگ کے ساتھ عدم پھیلاؤ کا نیا معاہدہ چاہتے ہیں، تاہم انہوں نے معاہدے کی دشواریوں کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ جوہری ہتھیار آجانے کے بعد انہیں ختم کرنا مشکل ہوتا ہے۔
شی جن پنگ ایسے معاہدے میں دلچسپ نظر نہیں آئے، جہاں دیگر دو ممالک کے جوہری ہتھیار چین کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہیں اور امریکی حکام کے مطابق وہ ابتدا میں سہ فریقی بات چیت کی میزبانی سے ہچکچا رہے تھے کہ کہیں وہ ان کے اپیک اجلاس پر حاوی نہ ہو جائے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ 2 برسوں میں شی جن پنگ اور ولادیمیر پیوٹن دونوں کے ساتھ قریبی ذاتی روابط بنانے کی کوشش کی ہے، مگر ذاتی قربت ابھی بڑی سفارتی کامیابیوں میں نہیں بدلی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے شکوہ کیا کہ ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ان کے تعلقات، جنہیں گزشتہ برس الاسکا میں ہونے والے اجلاس سے سہارا ملا، تاحال یوکرین جنگ ختم نہیں کر سکے، جبکہ تجارت اور نایاب معدنیات کی ترسیل کے تنازعات امریکہ چین تعلقات میں رکاوٹ ہیں اور دونوں ممالک ایران کو امداد و ٹیکنالوجی فراہم کر رہے ہیں۔
دوسرا پہلو جنگ میں الجھے ممالک کا ہے، جہاں ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران جنگ اور ولادیمیر پیوٹن کی یوکرین جنگ دونوں نے فوجی وسائل کھینچے اور عالمی قیمتوں میں اضافہ کیا، جس سے شی جن پنگ پریشان ہیں کیونکہ وہ ان تنازعات کو عالمی استحکام کے لیے خطرہ سمجھتے ہیں۔
تیسرا پہلو مصنوعی ذہانت کی برتری کی کشمکش کا ہے، جہاں شینزین پہنچنے سے پہلے ہی این ویڈیا کے سابق سربراہ جینسن ہوانگ اور مبینہ چینی انٹیلی جنس اثاثے سے متعلق اسکینڈل کے ساتھ ساتھ امریکہ میں مصنوعی ذہانت کی اپ ڈیٹس سے پیدا ہونے والی سروس کی بندشیں موضوع بحث رہیں۔
چین کے ٹیکنالوجی اور چپ سازی کے مرکز میں یہ سوال زیادہ اہم لگا کہ امریکہ تیز رفتاری سے بڑھتی مصنوعی ذہانت کی صنعت میں کیسے مقابلہ کرے گا، اور ہوانگ سے متعلق انکشافات نے ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ میں طاقتور مصنوعی ذہانت چپس کی چین کو فروخت روکنے یا نہ روکنے پر گہری تقسیم کو بے نقاب کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے عشائیے میں شی جن پنگ کے ساتھ یہ معاملہ مختصراً اٹھایا اور وہ جاسوسی کے معاملے پر زیادہ دباؤ ڈال کر چین کو ناراض کرنے سے محتاط تھے، جبکہ وہ مصنوعی ذہانت کی ترقی روکنے والے اقدامات اور عالمی ضابطوں کے خلاف نظر آئے تاہم خطرات سے محتاط رہنے کی بات بھی کی۔
چوتھا پہلو شی جن پنگ کا بطور سفارتی طاقت ابھرنا ہے، جہاں بیجنگ اس اجلاس کو چینی سفارتکاری کی بڑی کامیابی سمجھے گا کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی تعریف اور یقین دہانی کہ جب تک وہ اور شی اقتدار میں ہیں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، چینی قیادت کے لیے خوش آئند ہے، جو امریکی کانگریس میں اقتدار کی تبدیلی اور ڈونلڈ ٹرمپ کی آخری مدت کے آخری مرحلے کے پیش نظر امریکی پالیسی کے لہجے میں تبدیلی پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
سہ فریقی ملاقات کے ٹھوس نتائج نہ نکلنا بھی بیجنگ کے ایجنڈے کے مطابق رہا کیونکہ شی جن پنگ یوکرین کے مستقبل پر بات چیت میں یالٹا طرز کے تاثر سے بچنا چاہتے تھے اور کثیرالجہتی کردار کے تحت بغیر پیچیدہ وعدوں کے خود کو عالمی رابطہ کار اور طاقت کے توازن کا کردار دکھانے میں کامیاب رہے، جو اگلے برس کمیونسٹ پارٹی کے اہم اجلاس سے قبل ان کی پوزیشن کو مزید مضبوط کرتا ہے۔






