بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں نانکانہ صاحب کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق نانکانہ صاحب کے تمام سرکاری اور نجی اسکول 22 نومبر سے 25 نومبر تک بند رہیں گے۔ تاہم گورنمنٹ ایم سی گرلز ہائی اسکول اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول فاطمہ جناح میں 20 نومبر سے 25 نومبر تک تعطیلات ہوں گی۔ ان دونوں اسکولوں کو تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے سکھ یاتریوں کی رہائش کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کالجوں کی تعطیلات سے متعلق بھی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ گورنمنٹ گرو نانک گریجویٹ کالج برائے طلبہ 20 نومبر سے 25 نومبر تک بند رہے گا۔ دوسری جانب گورنمنٹ گرو نانک گریجویٹ کالج برائے خواتین اور شہر کے تمام نجی کالجوں میں 23 نومبر سے 25 نومبر تک چھٹیاں ہوں گی۔
حکام کے مطابق تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات اور سکھ یاتریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ اس دوران اسکولوں اور کالجوں میں معمول کی تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
تاہم نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تعطیلات کے باوجود تمام امتحانات اپنے پہلے سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امتحانات کی تاریخوں اور اوقات کا خیال رکھیں تاکہ انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔






