خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو دھمکی آمیز لب و لہجہ اختیار کرنے کے بجائے دلیل سے بات کرنی چاہیے، اعلیٰ عدلیہ کو خونریزی کی دھمکی کا نوٹس لینا چاہیے۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ضرورت ہو وہاں نئے صوبے بنائے جائیں، کیونکہ نئے صوبوں کا مطالبہ پاکستان کی ضرورت ہے۔ انتظامی یونٹس سے متعلق ہر فورم پر بحث ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع اور ڈویژن کی طرح صوبے بھی انتظامی یونٹس ہیں، لیکن اب صوبے ریاست کا درجہ اختیار کرتے جا رہے ہیں، صوبے کسی کی جاگیر نہیں ہیں اور نہ ہی بننے دیں گے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو لسانی تفریق اور سنبھلتے ہوئے ملک کو سازشوں کا شکار نہیں ہونے دیں گے، جبکہ نئے صوبوں کی جنگ ایوانوں میں بھی لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تسلیم کر لینا چاہیے کہ آج پاکستان میں جاگیردارانہ جمہوریت ہے، جہاں سیاسی نہیں بلکہ پیدائشی اور خاندانی بنیادوں پر لیڈر بنتا ہے، ایسا جاگیردارانہ نظام تو افریقہ کے جنگلوں میں بھی نہیں ہے۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ پہلی بار ریاست عوام کی امنگوں کی ترجمان بن گئی ہے، اگر صوبے پورے پاکستان میں بننے ہیں تو خونریزی کراچی، حیدرآباد اور نوابشاہ میں ہی کیوں ہوگی، سندھ کے شہری علاقوں میں خونریزی کون کرے گا اور کیا یہ عزیر بلوچ سے کروانی ہے؟
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بلاول بھٹو کی دھمکی کا کوئی نوٹس لے گا؟ انہوں نے پوری قوم کو دھمکی دی ہے، جس پر اعلیٰ عدلیہ کو ازخود نوٹس لینا چاہیے کیونکہ دلیل کے جواب میں دھمکیاں نہیں دی جاتیں۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کے لوگوں سے ذرا سنبھل کر بات کی جائے، ہم غلام نہیں بلکہ آزادی پھیلانے والے ہیں، اگر شراکت داری ختم ہو گئی تو پھر آ کر دکھانا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے اضلاع میں کون اضافہ کرتا رہا ہے، ملیر اور کیماڑی سمیت ضلع شرقی اور غربی کی تقسیم کیا لسانی نہیں تھی؟ ایم کیو ایم نے مہاجر صوبے کی نہیں بلکہ کراچی صوبے کی بات کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عجیب بات ہے کہ امیر صوبہ سب سے زیادہ غریب ہے، سندھ کی 65 فیصد آبادی فیصلہ کر چکی ہے کہ نئے صوبے بننے چاہئیں اور کسی بھی سیاسی جماعت کو ایک صوبہ اتنے عرصے کے لیے ٹھیکے پر نہیں دیا گیا کہ وہ 60 سال سے مصنوعی اکثریت کے ساتھ حکومت کرتی رہے۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے پنجاب اسمبلی میں نئے صوبے کی قرارداد پیش کی جو منظور ہو گئی، جب پنجاب میں نئے صوبے کی بات ہوتی ہے تو وہاں خون خرابے کی بات کیوں نہیں کرتے؟
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں آئین کے آرٹیکل 140 اے کے نفاذ کی بات کی جاتی ہے تو سندھ میں اس کا نفاذ کیوں نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ آئین کا جو آرٹیکل اچھا لگے اس پر عمل کریں اور جو اچھا نہ لگے اس پر نہ کریں ایسا نہیں چلے گا، اگر بلاول بھٹو دلیل اور دلائل سے بات کریں گے تو ہم ضرور کریں گے، تاہم بلاول بھٹو نے خود تسلیم کیا ہے کہ کرپشن سب سے اہم مسئلہ ہے تو پھر سب سے پہلے ان پر ہی پابندی لگنی چاہیے۔






