تازہ ترین
امریکی عدالت کا بڑا فیصلہ، غیر ملکی صحافیوں اور طلبہ پر ٹرمپ انتظامیہ کی ویزا پابندیاں کالعدمفلورنس کے تاریخی ادارے پارٹے گوئلفا میں شمولیت، پاکستانی خاتون نے تاریخ رقم کر دیوفاقی وزارت داخلہ نے صوبوں کو آل پاکستان اسلحہ لائسنس جاری کرنے سے روک دیامولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی، ترجمان جے یو آئی کا دعویٰپاکستان میں انٹرنیٹ کی بحالی میں مزید کتنا وقت لگے گا؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیںامریکی صدر کی سہ فریقی اجلاس سے قبل روسی اور چینی صدور سے الگ الگ ملاقاتیںسینٹکام کا ایران کی بحری ناکہ بندی مزید سخت کرنے اور تیل کی ترسیل روکنے کا حکممولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی مفتی ابرار احمد کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل، اسلام آباد پولیس کے چھاپے جاریامریکی عدالت کا بڑا فیصلہ، غیر ملکی صحافیوں اور طلبہ پر ٹرمپ انتظامیہ کی ویزا پابندیاں کالعدمفلورنس کے تاریخی ادارے پارٹے گوئلفا میں شمولیت، پاکستانی خاتون نے تاریخ رقم کر دیوفاقی وزارت داخلہ نے صوبوں کو آل پاکستان اسلحہ لائسنس جاری کرنے سے روک دیامولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی، ترجمان جے یو آئی کا دعویٰپاکستان میں انٹرنیٹ کی بحالی میں مزید کتنا وقت لگے گا؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیںامریکی صدر کی سہ فریقی اجلاس سے قبل روسی اور چینی صدور سے الگ الگ ملاقاتیںسینٹکام کا ایران کی بحری ناکہ بندی مزید سخت کرنے اور تیل کی ترسیل روکنے کا حکممولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی مفتی ابرار احمد کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل، اسلام آباد پولیس کے چھاپے جاری
پاکستان

پنجاب میں بری ہونے والے شہریوں کے لیے بڑی سہولت، پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ سے مقدمے کا ریکارڈ ظاہر نہیں ہوگا

پنجاب حکومت نے ایسے شہریوں کو پولیس کلیئرنس حاصل کرنے میں سہولت دینے کے لیے قانون سازی کی تیاری کرلی ہے جو کسی مقدمے میں عدالت سے بری ہوچکے ہوں یا جن کے خلاف مقدمہ خارج کردیا گیا ہو۔

 نئی قانون سازی کے تحت ایسے افراد کے پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ پر متعلقہ مقدمے کی تفصیلات ظاہر نہیں کی جائیں گی۔ اس اقدام سے شہریوں کو ملازمت حاصل کرنے، ویزا لگوانے اور بیرون ملک سفر یا امیگریشن کے معاملات میں پیش آنے والی مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔

مجوزہ بل کے مطابق بعض شہری مقدمے سے بری ہونے کے باوجود پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ میں مقدمہ ظاہر ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ اس وجہ سے ان کی ملازمت، بیرون ملک جانے اور دیگر قانونی معاملات میں رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے۔ حکومت کا مقصد اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے اجرا کا طریقہ کار واضح کرنا ہے۔

یہ بل کیبنٹ کمیٹی سے منظوری کے بعد پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ اس کی منظوری اور قانون بننے کے بعد پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ کے اجرا سے متعلق نئی شرائط اور طریقہ کار نافذ ہوسکیں گے۔

پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست کیسے دینا ہوگی؟

مجوزہ قانون کے تحت پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے شہری کو متعلقہ ضلع کے سربراہ پولیس افسر کے پاس درخواست جمع کرانا ہوگی۔ اگر پولیس کی جانچ پڑتال کے دوران درخواست گزار کے خلاف کوئی مجرمانہ ریکارڈ سامنے نہیں آتا تو اسے تین روز کے اندر سرٹیفکیٹ جاری کرنا لازم ہوگا۔

تاہم، اگر کسی شہری کے خلاف مقدمہ درج ہوا تھا اور وہ عدالت سے بری ہوچکا ہے تو اسے درخواست کے ساتھ متعلقہ عدالتی احکامات کی مصدقہ نقول بھی جمع کرانا ہوں گی۔ پولیس ان دستاویزات کی تصدیق کرے گی۔ تصدیق مکمل ہونے کے بعد متعلقہ شہری کو 15 روز کے اندر پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ جاری کیا جاسکے گا۔

بری ہونے والے شہریوں کا مقدمہ سرٹیفکیٹ پر ظاہر نہیں ہوگا

مجوزہ بل کی اہم شق یہ ہے کہ اگر کوئی شہری مقدمے میں بری ہوچکا ہو یا اس کے خلاف مقدمہ خارج کردیا گیا ہو تو پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ جاری کرتے وقت اس فوجداری مقدمے کا ریکارڈ ظاہر نہیں کیا جائے گا۔

اس کا مقصد یہ ہے کہ عدالت سے بری ہونے والے افراد کو ماضی میں درج مقدمے کی وجہ سے ملازمت یا بیرون ملک جانے کے معاملات میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تاہم، عادی مجرم قرار دیے گئے افراد کی حیثیت پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ میں ظاہر کی جائے گی۔

پولیس کلیئرنس دینے سے انکار پر اپیل کا حق

مجوزہ قانون میں شہریوں کے لیے اپیل کا طریقہ بھی شامل کیا گیا ہے۔ اگر ضلعی پولیس سربراہ کسی درخواست گزار کو پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے انکار کرتا ہے تو اسے اس فیصلے کی وجوہات پر مشتمل تحریری حکم دینا ہوگا۔

متاثرہ شہری کو اس فیصلے کے خلاف 14 روز کے اندر اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہوگا۔ اپیل سننے والا مجاز افسر شہری کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دے گا۔ اس کے بعد 30 روز کے اندر اپیل پر فیصلہ کرنا لازم ہوگا۔

پولیس کے داخلی ریکارڈ میں مقدمے کی تفصیلات محفوظ رہیں گی

مجوزہ قانون کے مطابق عدالت سے بری ہونے یا مقدمہ خارج ہونے کے باوجود پولیس متعلقہ شہری کا فوجداری ریکارڈ اپنے داخلی نظام میں محفوظ رکھے گی۔ یعنی پولیس اپنے محکمے کے ریکارڈ سے مقدمے کی تفصیلات ختم نہیں کرے گی، البتہ پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ میں انہیں ظاہر نہیں کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ پنجاب کے صوبائی پولیس افسر کو یہ اختیار بھی حاصل ہوگا کہ وہ ایسے مقدمات کی درجہ بندی کرے جن کا ریکارڈ پولیس سرٹیفکیٹ میں ظاہر نہیں کیا جائے گا۔ پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا طریقہ کار اور اپیل سننے والے مجاز افسر کا تعین بھی صوبائی پولیس افسر کرے گا۔

قانون سازی کا مقصد شہریوں کے روزگار اور ساکھ کا تحفظ

حکومت کے مطابق اس بل کا بنیادی مقصد ایسے شہریوں کے روزگار اور ساکھ کا تحفظ کرنا ہے جو عدالت سے بری ہوچکے ہیں یا جن کے خلاف مقدمات خارج کیے جاچکے ہیں۔ مجوزہ قانون کے ذریعے پولیس کے داخلی ریکارڈ کو برقرار رکھتے ہوئے کلیئرنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا نظام بھی واضح کیا جائے گا۔