آل پارٹیز اور تاجر تنظیموں کی اپیل پر بلوچستان میں بڑھتی ہوئی بدامنی، دہشت گردی اور قومی شاہراہوں پر اغوا و بھتہ خوری کے واقعات کے خلاف آج صوبے بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں آل پارٹیز اور تاجر تنظیموں کی اپیل پر آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔ آل پارٹیز اور تاجر تنظیموں کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ہڑتال صوبے بھر میں دہشت گردی اور بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات، مال بردار گاڑیوں کو نذر آتش کرنے اور قومی شاہراہوں پر اغوا کی وارداتوں کے خلاف کی جا رہی ہے۔
مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا کہ قومی شاہراہوں پر ٹرانسپورٹروں اور مال بردار گاڑیوں سے بھتہ لینے کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ قومی شاہراہوں پر مسلح جتھوں کی سرگرمیاں بھی تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔
بیان کے مطابق ہڑتال کے باعث کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آج کاروبار بند رہے گا اور صوبے بھر کے تمام شہروں میں احتجاجی مظاہرے بھی منعقد کیے جائیں گے۔






