بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی آئندہ قسط ملک بھر کی مستحق خواتین کے ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس میں 6 بینکوں کے ذریعے منتقل کی جائے گی۔
پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے تھرپارکر کے دورے کے دوران مالی امداد کی فراہمی اور مستحق خاندانوں کی رجسٹریشن سے متعلق اقدامات کا اعلان کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایت پر ضلع تھرپارکر کا دورہ کرتے ہوئے روبینہ خالد نے ڈپٹی کمشنر آفس مٹھی میں ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کیا۔
تھرپارکر کے متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے بتایا کہ تھرپارکر کو قحط زدہ قرار دیے جانے کے بعد متاثرہ مستحق خاندانوں کو پروگرام کے تحت مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
ان کے مطابق نئے خاندانوں کو بھی ریلیف پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ قحط سے متاثرہ افراد کو امداد تک رسائی حاصل ہوسکے۔
روبینہ خالد نے کہا کہ غریبوں کے امدادی پروگرام کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
پاورٹی اسکور میں رعایت دینے پر غور
بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن کے مطابق اس وقت 32 پاورٹی اسکور تک کے خاندان پروگرام میں شامل ہیں، تاہم تھرپارکر میں قحط کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے 45 سے 50 پاورٹی اسکور والے خاندانوں کو بھی امداد میں شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
اس اقدام کا مقصد ایسے خاندانوں تک مالی مدد پہنچانا ہے جو موجودہ معیار کے تحت امداد حاصل نہیں کرپارہے، لیکن قحط کے باعث مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔
خواتین کی رجسٹریشن کے لیے موبائل وینز بھیجی جائیں گی
روبینہ خالد نے عملے کی کمی دور کرنے کے لیے مزید افراد کو ڈیپوٹیشن پر تعینات کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں رہنے والی مستحق خواتین کی رجسٹریشن کے لیے موبائل وینز بھی بھیجی جائیں گی۔
اس اقدام سے ان خواتین کو سہولت ملنے کی توقع ہے جنہیں رجسٹریشن کے لیے دفاتر تک پہنچنے میں دشواری ہوتی ہے۔
93 لاکھ سے زائد ڈیجیٹل اکاؤنٹس فعال
چیئرپرسن کے مطابق ملک بھر میں 93 لاکھ سے زائد ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس فعال ہوچکے ہیں۔ آئندہ قسط 6 بینکوں کے ذریعے براہ راست ان اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ جلد دیگر بینکوں کو بھی اس نظام میں شامل کیا جائے گا، تاکہ خواتین کو رقم کی وصولی میں مزید سہولت فراہم کی جاسکے۔
روبینہ خالد کے مطابق ملک بھر میں ایک کروڑ 2 لاکھ خاندان بی آئی ایس پی سے مالی معاونت حاصل کررہے ہیں، جس سے تقریباً 5 کروڑ افراد مستفید ہورہے ہیں۔
ڈیجیٹل والٹ نظام کا مقصد امدادی رقم کی شفاف اور بلا تعطل فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔






