سعودی وزارت توانائی نے جازان آئل ریفائنری پر حملے میں ایک نیپالی کارکن کی ہلاکت اور کئی افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
سعودی وزارت توانائی کے ایک سرکاری ذریعے نے کہا ہے کہ جمعرات کو جازان آئل ریفائنری کو دشمن پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک نیپالی کارکن کی موت واقع ہو گئی جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت نے اپنے بیان میں کہا کہ حملے کے نتیجے میں ریفائنری میں آگ لگ گئی، جس پر قابو پا لیا گیا، تاہم ریفائنری میں کچھ آپریشنز عارضی طور پر معطل ہو گئے۔
یہ ریفائنری جنوب مغربی سعودی عرب میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ہے اور یہاں یومیہ 4 لاکھ بیرل تک خام تیل کو صاف کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ وزارت نے بتایا کہ زخمیوں کا تعلق 3 مختلف ممالک سے ہے اور انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔






