اسلام آباد (جی ٹی وی نیوز اردو): وفاقی دارالحکومت میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا آغاز ہوگیا، جس میں چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر کی قیادت نے عالمی سرمایہ کاروں کو ملک کے مختلف علاقوں میں معدنی وسائل کی تلاش اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
فورم میں قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی، سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی اور معدنی شعبے میں نجی و عالمی سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔
فورم میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی شریک ہوئے، جبکہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید امجد حسین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
’’آزاد کشمیر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کریں گے‘‘
وزیر اعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور وہاں معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے عالمی سرمایہ کاروں کو قیمتی پتھروں سمیت مختلف معدنیات کی تلاش کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں آنے والے سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
’’گلگت بلتستان میں قیمتی دھاتوں اور پتھروں میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع ہیں‘‘
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید امجد حسین نے کہا کہ علاقے میں قیمتی دھاتوں اور پتھروں کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بڑے امکانات ہیں، تاہم رابطہ کاری اور کنکٹیویٹی کی کمی ایک اہم مسئلہ ہے۔ ان کے مطابق معدنی وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لیے علاقے میں رابطوں اور بنیادی سہولیات کو بہتر بنانا ضروری ہے۔
’’آج کا بلوچستان مختلف ہے، سرمایہ کاروں کو مکمل سہولیات اور سیکیورٹی دیں گے‘‘
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل کے ساتھ تیل اور گیس کی تلاش کے حوالے سے بھی اہم مواقع رکھتا ہے۔ انہوں نے مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں کو کان کنی کے شعبے میں آگے آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
ان کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سیکیورٹی یقینی بنانے اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ منرل کوریڈور کے لیے الگ سیکیورٹی ڈویژن قائم کیا گیا ہے۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ آج کا بلوچستان پہلے سے مختلف ہے اور سرمایہ کاری کے لیے مواقع فراہم کر رہا ہے۔
’’خیبر پختونخوا ملک کا دوسرا بڑا گیس پیدا کرنے والا صوبہ ہے‘‘
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنا ہے اور اس مقصد کے لیے ون ونڈو آپریشن کی سہولت دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا ملک کا دوسرا بڑا گیس پیدا کرنے والا صوبہ ہے۔
ان کے مطابق صوبے میں امن و امان کی بہتری، غیر قانونی کان کنی کے خاتمے اور رابطہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے معدنی وسائل کے ساتھ سیاحت کے مواقع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دہشت گردی کو سیاحت میں بدلنے کے لیے پرعزم ہے۔
’’تھر کے کوئلے کے ذخائر دنیا میں چھٹے بڑے ہیں، نجی شعبے کو آگے لا رہے ہیں‘‘
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں توانائی اور صنعتی شعبوں کے فروغ کے ذریعے ترقی کی کوششیں جاری ہیں اور کان کنی میں نجی شعبے کو آگے لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے تھر کے کوئلے کے ذخائر کو دنیا کے چھٹے بڑے ذخائر قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں مختلف اقسام کی معدنیات موجود ہیں۔
صوبائی حکومت کان کنی کے لیے مؤثر فریم ورک تیار کر رہی ہے اور عالمی سرمایہ کاری کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کے امکانات بھی تلاش کیے جا رہے ہیں۔
’’پنجاب کے دریاؤں میں سونے کے ذخائر کے شواہد ملے ہیں، سروے جاری ہے‘‘
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان قدرتی اور معدنی وسائل سے مالا مال ہے، جنہیں قومی خوشحالی میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے دریاؤں میں قدرتی سونے کے ذخائر کے شواہد ملے ہیں اور ان کی مقدار معلوم کرنے کے لیے سروے جاری ہیں۔ ان کے مطابق دریائی ریت اور بجری میں سونے کے علاوہ دیگر قیمتی معدنیات اور دھاتیں بھی موجود ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں کوئلے، گرینائٹ، پنک سالٹ اور راک سالٹ کے ذخائر بھی سرمایہ کاری کے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔ صوبائی حکومت قدرتی وسائل کو مشترکہ دولت اور خوشحالی میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سرمایہ کاروں کو سستے نرخوں پر زمین اور کم شرح سود پر قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
فورم میں صوبائی قیادت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو سہولیات، سیکیورٹی، بنیادی ڈھانچے اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی سے متعلق اقدامات اجاگر کیے گئے، جبکہ عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی گئی۔






