اسمارٹ فون ہماری روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بن چکے ہیں۔ لوگ دن بھر پیغامات بھیجنے، سوشل میڈیا استعمال کرنے، ویڈیوز دیکھنے اور مختلف کاموں کے لیے موبائل فون استعمال کرتے ہیں۔ تاہم مسلسل کئی گھنٹے موبائل استعمال کرنا صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق ییل میڈیسن سے وابستہ ہاتھوں اور بازوؤں کی سرجری کی ماہر ڈاکٹر ایریل ولیمز کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ایسے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جو موبائل فون استعمال کرنے کے بعد ہاتھوں اور کلائیوں میں درد کی شکایت کرتے ہیں۔ بعض افراد میں پہلے سے موجود تکلیف بھی موبائل کے زیادہ استعمال سے بڑھ جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق مسلسل ٹائپنگ، اسکرولنگ اور انگوٹھے سے اسکرین چلانے کے باعث ہاتھوں کے پٹھوں اور نسوں پر دباؤ پڑتا ہے۔ طویل وقت تک ایک ہی پوزیشن میں فون پکڑنے سے یہ مسئلہ مزید بڑھ سکتا ہے۔
موبائل کے زیادہ استعمال سے ہاتھوں اور کلائیوں کی بیماریاں
ماہرین نے موبائل فون کے مسلسل استعمال سے منسلک ہاتھوں اور کلائیوں کے تین اہم مسائل کی نشاندہی کی ہے۔ ان میں پہلا مسئلہ ٹرگر فنگر ہے۔ اس بیماری میں انگلی کو حرکت دینے والی نس میں سوزش پیدا ہوجاتی ہے۔ اس کے نتیجے میں انگلی موڑنے اور سیدھی کرنے میں دشواری ہوتی ہے۔ بعض اوقات انگلی ایک ہی پوزیشن میں پھنس بھی جاتی ہے۔
دوسرا مسئلہ ڈی کوئروین ٹینوسائنووائٹس ہے۔ اس کیفیت میں انگوٹھے کے قریب موجود نسوں میں سوزش پیدا ہوتی ہے۔ اس سے انگوٹھے کو حرکت دینے اور چیزیں پکڑنے کے دوران درد محسوس ہوسکتا ہے۔
تیسرا مسئلہ کارپل ٹنل سنڈروم ہے۔ اس میں کلائی کے اندر موجود اہم عصب پر دباؤ پڑتا ہے۔ اس کے باعث ہاتھ اور انگلیوں میں درد، سن ہونا اور جھنجھناہٹ جیسی علامات سامنے آسکتی ہیں۔
اس کے علاوہ موبائل کو مسلسل ایک ہی انداز میں پکڑنے سے چھوٹی انگلی پر بھی دباؤ پڑتا ہے۔ اس وجہ سے انگلی پر عارضی نشان یا تکلیف پیدا ہوسکتی ہے۔ اس کیفیت کو اسمارٹ فون پنکی کہا جاتا ہے۔
مسلسل موبائل دیکھنے سے گردن بھی متاثر ہوتی ہے
موبائل کے زیادہ استعمال کا اثر صرف ہاتھوں اور کلائیوں تک محدود نہیں رہتا۔ فون دیکھنے کے لیے مسلسل گردن جھکائے رکھنے سے بھی مختلف مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ اس کیفیت کو ٹیک نیک (Tech Neck) کہا جاتا ہے۔
جب کوئی شخص طویل وقت تک سر نیچے کرکے موبائل استعمال کرتا ہے تو گردن کے پٹھوں اور جوڑوں پر اضافی دباؤ پڑتا ہے۔ اس سے گردن میں درد، اکڑاؤ، پٹھوں میں کھنچاؤ اور سر درد کی شکایت ہوسکتی ہے۔ بعض افراد کو گردن گھمانے میں بھی مشکل پیش آتی ہے۔
موبائل کے استعمال سے ہونے والے نقصانات سے کیسے بچیں؟
ماہرین کے مطابق موبائل فون کا استعمال چھوڑنے کی ضرورت نہیں بلکہ چند احتیاطی تدابیر اپنا کر ان مسائل سے بچا جاسکتا ہے۔ موبائل کو ہمیشہ ایک ہاتھ سے پکڑنے کے بجائے دونوں ہاتھ استعمال کریں تاکہ انگوٹھے اور کلائی پر دباؤ کم رہے۔
فون استعمال کرتے وقت اسے آنکھوں کی سطح کے قریب رکھیں۔ اس طرح گردن کو بار بار نیچے جھکانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ لیپ ٹاپ استعمال کرتے ہوئے بھی اسکرین کو آنکھوں کے سامنے رکھنا بہتر ہے۔ اس مقصد کے لیے لیپ ٹاپ اسٹینڈ، الگ کی بورڈ اور ماؤس استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ مسلسل کئی گھنٹے ایک ہی پوزیشن میں بیٹھنے سے گریز کریں۔ کام کے دوران وقفے لیں اور ہاتھوں، بازوؤں اور گردن کی ہلکی پھلکی ورزش کریں۔ کمر اور پشت کے پٹھوں کو مضبوط بنانے والی ورزشیں بھی مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔
اگر ہاتھوں یا کلائیوں میں مسلسل درد، سن ہونے یا جھنجھناہٹ کی شکایت ہو تو اسے معمولی تھکن سمجھ کر نظر انداز نہ کریں۔ ایسی صورت میں ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔ ماہرین کے مطابق موبائل استعمال کرنے کے انداز میں معمولی تبدیلیاں اپنا کر جسم کو غیر ضروری دباؤ سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔






