سندھ حکومت نے صوبے میں شروع ہونے والی پولیو مہم میں نجی اسکولوں کو مکمل تعاون کرنے اور ویکسینیشن میں رکاوٹ ڈالنے پر رجسٹریشن منسوخ کرنے کا انتباہ جاری کردیا۔
سندھ میں پولیو کے خاتمے کے لیے نجی تعلیمی اداروں کو بھی متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور محکمہ تعلیم نے اسکول انتظامیہ کے لیے دوٹوک حکم جاری کیا ہے کہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا ہوں گے۔
نجی اسکولوں کے لیے جاری حکم نامے میں والدین کو پولیو مہم کے شیڈول سے آگاہ کرنے اور اسکول انتظامیہ کو 5 سال تک کے بچوں کی تفصیلات پر مشتمل مستند ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ نے پولیو ٹیموں کو کلاس رومز تک مکمل رسائی دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ویکسینیشن میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں ہوگی۔
محکمہ تعلیم نے پولیو ٹیموں سے تعاون نہ کرنے والے نجی اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی اور رجسٹریشن منسوخی کا انتباہ دیا ہے، جبکہ مہم میں رکاوٹ بننے والے اسکولوں کے خلاف رجسٹریشن قوانین کے تحت کارروائی ہوگی۔
فیصلہ کیا گیا ہے کہ سندھ کے 30 اضلاع میں 12 سے 18 دسمبر تک پولیو ویکسینیشن مہم چلائی جائے گی، جس میں 5 سال سے کم عمر ایک کروڑ 3 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور پولیو کے ساتھ وٹامن اے کی خوراک بھی دی جائے گی۔
نجی اسکولوں میں بھی پولیو ٹیمیں پہنچیں گی، جس کے لیے بچوں کو قطرے پلانے کی تیاری مکمل کرنے اور والدین کے نام نوٹس جاری کر کے ویکسینیشن شیڈول پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے۔






