عظمیٰ بخاری نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے دورہ ہانگ کانگ اور جہاز کی اجازت سے متعلق سوشل میڈیا دعوؤں کی تردید کردی ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز اپنے دورہ ہانگ کانگ اور برطانیہ کے لیے گلف سٹریم جی 500 جہاز لے جانے کی خواہش مند ہیں اور پنجاب حکومت نے باقاعدہ طور پر پاک فضائیہ کو درخواست کر دی ہے، جبکہ 28 نومبر کو مریم نواز اور نواز شریف نے خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ نجی دورے پر ہانگ کانگ روانہ ہونا ہے۔
اس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ایکس پر کہا کہ افسوس ہے بنا تحقیق باتیں کر دی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بات یہ ہے کہ جہاز کے لیے کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہے اور دوسرا وزیر اعلیٰ کسی فیملی کے ہمراہ ہانگ کانگ نہیں جا رہیں اور نہ ہی یہ نجی دورہ ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پہلی مرتبہ کسی وزیر اعلیٰ کو نوبیل پرائز کے لیے سرکاری طور پر مدعو کیا گیا ہے اور جھوٹے شور شرابے سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ خالی برتن زیادہ بجتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے مروجہ طریقہ کار کے مطابق باقی تمام جہازوں کی طرح آپریشن اور دیکھ بھال پاک فضائیہ کے ذمہ ہے اور انہی جھوٹی خبروں کی وجہ سے نوٹس دینے پڑتے ہیں۔






