ایرانی نیوی کا کہنا ہے کہ ایران کی سرزمین یا بحری حدود میں کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو ایسا جواب دیں گے کہ دشمن آئندہ کبھی حملے کا سوچ بھی نہ سکے۔
ایران کی بحری فوج کے ناردرن فلیٹ اور فورتھ نیول زون کے سپہ سالار ریئر ایڈمرل محسن رزاقی نے ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ایرانی بری، فضائی، اور بحری فورسز سمیت تمام عسکری شعبوں میں تعاون اور آپریشنل ہم آہنگی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی بحریہ کے جیو ڈویژن دن رات سمندری بارڈرز پر پہرہ دے رہے ہیں۔ ایران نے اپنی دفاعی حکمت عملی اس انداز میں مرتب کی ہے کہ ایران کی سرزمین یا بحری حدود پر کی جانے والی کسی بھی قسم کی متوقع جارحیت اور عسکری حماقت کی قیمت اتنی زیادہ بڑھا دی جائے کہ دشمن آئندہ کبھی اس ملک پر حملہ کرنے کی سوچ بھی نہ سکے۔
اس سے قبل ایران کی اعلیٰ ترین قومی سلامتی کے چیف محسن رضائی نے ایکس پر امریکہ کو تنبیہ کی تھی کہ اگر تم نے جنگ چھیڑی تو تمہیں ایک ایسا جواب ملے گا، جو تم نے سوچا نہ ہوگا۔






