متحدہ عرب امارات کے حکام کے مطابق خلیج عمان میں سفر کرنے والے ایک عالمی تجارتی کارگو جہاز پر شدید آگ بھڑک اٹھی، جہاں سے 22 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا۔
متحدہ عرب امارات کی نیشنل گارڈز کے مطابق جہاز کے کپتان اور عملے نے فوری طور پر اماراتی حکام کو خطرے کے سگنلز اور ایمرجنسی کال بھیجی، جس پر نیشنل گارڈز نے لمحہ ضائع کیے بغیر اسپیشلائزڈ ریسکیو اور کوسٹ گارڈ ٹیموں کو روانہ کیا۔
اماراتی ریسکیو ٹیموں نے سمندر کے اندر آئل ٹینکر کے مقام کا پتہ لگایا اور آگ کے شعلوں اور دھوئیں کے بادلوں کے درمیان جا کر جہاز پر موجود تمام 22 افراد کو صحیح سلامت بحفاظت ریسکیو کر لیا۔
اماراتی نیشنل گارڈز کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تمام 22 افراد عرب باشندے تھے، جن کی حالت اب مکمل طور پر خطرے سے باہر اور مستحکم ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے سمندر میں ہی انہیں ضروری ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد انہیں کارروائی کے لیے مقامی متعلقہ حکام کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
اماراتی اعلامیے میں جہاز کے اندر آتشزدگی کی بنیادی وجہ کا ذکر نہیں کیا گیا، تاہم یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا، جب پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز میں نیویگیشن سسٹم بند کر کے جانے والے دو آئل ٹینکرز کے سمندری مائنز سے ٹکرا کر آگ لگنے کی تصدیق کی تھی۔






