ایرانی صدر نے ترکی میں ہونے والی اقوام متحدہ کی ماحولیاتی سمٹ کے دوران امریکہ اور اسرائیل کے ماحولیاتی جرائم کو اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ترکی کے شہر انطالیہ روانہ ہونے سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی ماحولیاتی سمٹ کوپ 31 کے پلیٹ فارم کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران اور خطے کے ماحول کو پہنچائے جانے والے نقصان اور جرائم کو اجاگر کرنے کے لیے استعمال کریں گے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق صدر پزشکیان نے کہا کہ یہ ماحولیاتی سمٹ ایک بہترین موقع ہے، جہاں وہ دنیا بھر کے رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کے منصفانہ مؤقف کو پیش کریں گے۔
ایرانی صدر نے دعویٰ کیا کہ واشنگٹن حکومت اپنے اقدامات کے نتائج اپنے ملک کے انتخابات اور امریکی عوام کے رویے میں دیکھ چکی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سمٹ میں شرکت نہیں کر رہے ہیں اور واشنگٹن نے مسلسل دوسرے سال بھی اس اہم عالمی ماحولیاتی اجلاس میں کوئی سرکاری وفد نہیں بھیجا ہے۔
9 نومبر سے شروع ہونے والی یہ سمٹ 20 نومبر تک جاری رہے گی، جس میں دنیا بھر سے تقریباً 200 ممالک کے نمائندے ماحولیاتی اقدامات اور فنڈنگ کے امور پر بات چیت کر رہے ہیں۔






